حویلی واپس لوٹنے سے پہلے عبدالرحمان صفیہ کو لیئے بازو باندھے بالکل اس کے سامنے کھڑا سراپا سوال تھا۔
“دیکھو صفیہ یہ انسان جو تم نے اپنے پلو سے باندھا ہے۔بے ذوق،بددماغ اور ایک نمبر کا اکڑو ہے۔میں اس کی منت کر چکا ہوں اور اگر کہے گا تو پیر بھی پکڑ لوں گا لیکن اگر اس نے تم سے کچھ بھی کہا ۔کوئی برا رویہ ،بری بات، بے فضول اکڑ یا روب دیکھانے کی کوشش کی تو تم مجھے بتاؤ گی سمجھیں!”
صفیہ نے زور و شور سے سر اثبات میں ہلایا۔
“یہ سر تم اس وقت ہلاتی ہو جب تم نے بات نہیں ماننی ہوتی لیکن ایک بات بتا دوں۔کھانے کے دوران وہ مجھ پر مسلسل طنز کرتا رہا ہے اور میں یہ بھی جانتا ہوں کہ وہ صرف مجھ پر طنز کر کے قناعت نہیں کرے گا۔تمھارے دن رات کیسے گزرنے والے ہیں جانتا ہوں پھر بھی کہہ رہا ہوں۔اس نے حد سے تجاوز کیا تو میں ایک لمحے میں آ جاؤں گا۔”
صفیہ نے پھر اثبات میں سر ہلایا۔
” اگر تم نے ایسے ہی سر ہلانا ہے تو ٹھیک ہے
میرے خیال سے صورتحال تم خود سنبھال لوں گی۔”
عبدالرحمان کہہ کر مڑا جب صفیہ نے اسے آواز دی۔
“رک جائیں بھائی۔ہانیہ مجھ سے ملی بہت خوش تھی۔ آپ میرے سے ایک وعدہ کریں۔”
صفیہ نے اپنی ہتھیلی آگے کر دی۔
عبدالرحمان نے ہتھیلی دیکھی پھر ہلکی چپت لگا دی۔
“بولو!”
“میرے ساتھ کچھ بھی ہو جائے کچھ بھی چاہے سعد اللّٰہ مجھے دھکے دے کر نکال دے۔چاہے مرنے کے لیے چھوڑ دے۔چاہے کبھی مڑ کر میری شکل نہ دیکھے کچھ بھی جو ہم سوچ سکتے ہیں یا ہمارے وہم و گمان میں نہیں،کچھ بھی ہو جائے۔ آپ ہانیہ کو کچھ نہیں کہیں گے۔وعدہ کریں۔”
وہ موٹی موٹی آنکھوں سے عبدالرحمان کو تکتے ہوئے دوبارہ ہتھیلی اس کے سامنے پھیلائے ہوئے تھی۔
“تمھیں وعدہ لینے کی ضرورت نہیں ہے۔مین ان لوگوں میں سے نہیں ہوں جو کسی کا غصہ کسی پر نکالتے ہیں۔اگر ان سب باتوں میں سے سعد اللّٰہ نے ایک بھی کی تو میں اس کی ایسی تربیت درست کروں گا کہ بد دماغی ناک کے راستے باہر نکل جائے گی۔”
صفیہ نے ہاتھ پیچھے نہیں کیا۔
“میں نے آپ سے کوئی بڑے بڑے عہد و پیماں نہیں چاہے بھائی۔بس مجھے اطمینان دلا دیں کہ ہانی کے ساتھ آپ کچھ نہیں کریں گے۔”
عبدالرحمان جی بھر کر بد مزہ ہوا۔
“تم کیوں لینا چاہتی ہو وعدہ۔اپنے ساتھ میرے ہاتھ بھی باندھ رہی ہو۔”
“اس لیے کہ مرد ذات کا کوئی بھروسہ نہیں ہوتا۔خوش ہو تو جیب میں دنیا ہو تو لٹا دیتا ہے۔بد گمان ہو جائے تو جان نکال دیتا ہے۔اس لیے وعدہ کریں!”
وہ اٹل لہجے میں بولی اور ناچار عبدالرحمان کو وعدہ دینا پڑا۔
” مجھے سمجھ نہیں آ رہی کہ آخر اسے مسئلہ کیا ہے۔عجیب روکھا پھیکا سا لگ رہا تھا۔بتاتا بھی نہیں ورنہ اس کے مرض کا علاج کر دیتا۔”
صفیہ خاموشی سے زمین تکنے لگی۔
“اچھا چلو میں چلتا ہوں۔گھر والے سب تیار تھے اب تک تو دروازے تک پہنچ چکے ہوں گے۔”
عبدالرحمان اس کے سر پر ہاتھ پھیرنے کے بعد خدا حافظ کہتا ڈیوری کی جانب چلا گیا پیچھے پیچھے صفیہ بھی چلی گئی۔
“بھائی!”
صفیہ نے عبدالرحمان کو آواز دی۔
“اماں کو کچھ نہ بتائیے گا!”
وہ ملتجی لہجے میں بولی۔
عبدالرحمان گھوما ماتھے پر فوری طور پر پریشانی کے آثار ظاہر ہوئے تھے۔
“کیا کچھ ہے بتانے کے لیے؟”
صفیہ نے نفی میں سر ہلایا۔
“میں ان سے بات نہیں کر سکی۔ اگر انھیں کوئی شبہ بھی ہوا تو دور کر دیجیے گا۔”
عبدالرحمان سے بات ہضم نہیں ہوئی لیکن سب جانے کا شور مچا رہے تھے۔وہ مزید کچھ کہے بغیر خارجی دروازے کی جانب چلا گیا۔
صفیہ ماں سے جا کر لپٹ گئی۔
“ارے ماں صدقے۔”
کلثوم اسے بوسا دے کر بولیں۔صفیہ فوراً پیچھے ہٹ گئی۔مزید ماں کے پاس کھڑی رہتی تو شاید اگلے لمحے رونے لگتی۔
پھر وہ سکینہ کے گلے لگ گئی۔
“دادی دیکھ لیں میں نے کوئی غلط قدم نہیں اٹھایا۔”
وہ سکینہ کے کان میں آہستگی سے بڑبڑائی۔سکینہ نے اسے پشت پر تھپکی دی۔
“اللّٰہ تمھیں اس کی جزا دے صفیہ۔”
صفیہ مسکرا کر ان سے جدا ہوئی۔
” ہانیہ آج یہیں ٹہرے گی۔”
“کیوں؟”
عبدالرحمان کے منہ سے بے ساختہ نکل گیا۔تمام لوگوں کی نگاہیں ایک دم اس پر گئیں۔وہ خجل ہو کر بغلیں جھانکنے لگا۔
“کیونکہ رسم ہے۔ کل آئیں گے تو تمھاری امانت تمھیں لوٹا دیں گے۔”
سلمیٰ کے کہنے پر وہ منہ پرے کر گیا۔
“کاہے کی رسم ابھی کل ہی دے کر بھیجی ہے بیٹی آج پھر ہونہہ!”
وہ ذرا خوش نہیں ہوا تھا اس بے فضول کی رسم سے۔
سعد اللّٰہ غور سے صفیہ کو دیکھتا رہا پھر سب کو خدا حافظ کہتا اپنے کمرے کی جانب چلا گیا۔
افتخار حویلی کے مکینوں کے جانے کے بعد عبداللّٰہ سجل کے سر تھا۔
“چاہے بنا دوں گی؟”
منت بھرا لہجہ اور تھکاوٹ سے بھرپور آنکھیں۔
“ہاں بنا دوں گی اتنے میسنے کیوں بن رہے ہو؟”
سجل آخری دھویا برتن خشک کرنے ہوئے بولی۔
“کہتے ہیں لڑکی کو برتن دھونے کے دوران کوئی کام کہو تو اجل دیکھائی دیتا ہے اور میں اجل سے فلحال خوف ذدہ ہوں۔”
وہ کچن میں ایک سائیڈ پر کھڑا پیڑا اٹھا کر کھانے لگا۔
“کتنے معصوم ہو تم اور کتنی بری ہیں لڑکیاں۔”
سجل کتیلی میں دودھ ڈالنے لگی۔اس نے بہت سا دودھ ڈالا تھا۔
“یہ کس جماعت کے لیے چائے بنانے لگی ہو؟”
عبداللّٰہ نے پیڑا آدھا واپس لکھتے ہوئے پوچھا۔
“ہانیہ اور صفیہ کے لیے بھی بنانی ہے۔وہ کب سے انتظار کر رہی ہوں گی۔”
وہ مصروف سے انداز میں بولی۔
“کہاں ہیں سب؟”
“میرے کمرے میں۔”
سجل نے چائے کی پتی ڈالی اور آنچ تیز کر دی۔
“اسے ہلکی آنچ پر پکاؤ لذیذ بنے گی۔”
سجل نے گھور کر اسے دیکھا۔
“صبح ناشتے میں نہ پیش کر دوں۔”
عبداللّٰہ نے ہاتھ کھڑے کر دیئے۔
“اچھا مجھے میرے کمرے میں دے دو گی۔مہں بہت تھک گیا ہوں۔”
وہ منت کرتے ہوئے بولا۔سجل نے نفی میں سر ہلایا۔
“لے کر جاؤ۔”
اس نے ایک کپ میں چائے ڈالی اور اس کی جانب بڑھا دی۔
“لیکن یہ ابھی پکی نہیں ہے۔”
“سعد اللّٰہ بھائی کے پاس جا کر بیٹھ جاؤ پک جائے گی۔”
وہ مدھم آواز میں بولی پھر باقی کپوں میں چائے ڈال کر لے گئی۔
“صحیح کہتی ہے جتنا اجکل راجپوت صاحب پکے ہوئے ہیں۔کچھ بھی پکا سکتے ہیں۔سالم مجھے بھی۔”
عبداللہ نے چائے کی چسکی لی اور داد دیئے بنا نہیں رہ سکا۔چائے زبردست تھی۔
عبداللّٰہ چائے کی چسکیاں لگاتا ڈیوری کی جانب گیا اور وہاں سے گزرتا سعد اللّٰہ کے کمرے کی جانب چہل قدمی کرتے چلا آیا۔
“دروازہ کھلا تھا اور چیزیں گرنے کی آوازیں آ رہی تھیں۔وہ متعجب ہوا دروازے کے پاس گیا اور دروازے پر دستک دی۔
“بھابھی سب ٹھیک ہے؟”
عبداللّٰہ کی آواز سن کر سعد اللّٰہ نے پرفیوم کی بوتل زور سے پرے پھینکی۔
“بھابھی کے سگے اندر آ جا دیکھ تیرے بھابھی پر تشدد ہو رہا ہے۔”
سعد کی آواز سن کر وہ فوراً اندر گیا۔مباداً اس نے واقعی بوتل صفیہ کو ہی نہ دے ماری ہو۔
صفیہ کو اندر نہ پا کر وہ تھوڑا پُرسکون ہوا۔
“اب کیا تکلیف ہے۔کیوں چیزیں پٹخ رہے ہو بھائی جان۔”
عبداللّٰہ طنزیہ لہجے میں بولا۔سعد اللّٰہ نے ایک نگاہ غلط ڈال کر دوبارہ سر الماری میں دے دیا۔
“اپنے کام سے کام رکھو اور کان بھی اپنے کمرے تک رکھو۔”
عبداللّٰہ کو آگ لگ گئی۔
“اس انتہائی فضول بات کا مقصد؟
میں یہاں صرف چہل قدمی کرنے آیا تھا جب آپ کا آتش فشاں پھٹنے سنا۔تم جیسے انسان کے متعلق انسان کے ذہن میں فوراً بہت اچھے خیالات کا آجانا غیر فطری نہیں ہے۔یہ تو تمھیں معلوم ہے ناں۔”
سعد اللّٰہ سب چھوڑ کر اس کی جانب آیا۔اک نگاہ پورے کمرے پر دوڑائی۔سب کچھ تہس نہس تھا۔
“چہل قدمی کے لیے باہر موجود اتنا بڑا صحن کافی نہیں ہے؟
اور میرے جیسے انسان سے کیا مطلب۔میں کیا مردے قبر سے نکال کر ان کا کفن بیچتا ہوں۔جو جہاں کہیں میری موجودگی کا ادراک ہوتا ہے گھاٹ لگانے پہنچ جاتے ہو ؟”
عبداللّٰہ نے چائے کا کپ پاس پڑے لکڑی کے میز پر رکھا۔
“ترس ہی کھا سکتا ہوں تم پر۔”
وہ دونوں بازو سینے پر لپیٹ کر بولا۔سعد اللّٰہ نے ناک چڑھا کر اس کی ادا دیکھی پھر ایک قدم پیچھے ہو گیا۔
“ہاں ترس ہی کھاؤ دماغ نہ کھاؤ اور یہاں سے جاؤ۔”
انتہائی بے مروّتی سے کہتے وہ دوبارہ کچھ ڈھونڈنے لگا۔
“کیا ڈھونڈ رہے ہو۔کہو تو مدد کر دوں؟”
عبداللّٰہ نے ایک مخلصانہ پیشکش کی۔
“تمھاری عزت نفس ڈھونڈ رہا ہوں۔مل نہیں رہی۔”
عبداللّٰہ کے لبوں پر ایک پُر لطف مسکراہٹ در آئی۔سعد اللّٰہ کا لہجہ عبداللّٰہ مسکرا ہی سکتا تھا۔
“میری عزت نفس کے بجائے اپنی کھوئی محبت ڈھونڈ لو۔قسم سے اس کے بغیر ایک نمبر کے بے فیض انسان لگتے ہو۔”
سعد اللّٰہ الجھن کی انتہا کر پہنچ کر مڑا۔
“پتہ نہیں کیا نصیب ہے میرا۔خدایا ایک ابا کافی تھا مُجھے۔یہ جو ہر گلی ہر نکڑ سے ایک ابا نکل آتا ہے۔یہ اپنی عزت میرے ہاتھوں سپردِ تابوت کروائیں گے۔”
وہ دہائی دیتا دوبارہ اپنے نادیدہ کام کی جانب متوجہ ہوا۔
“ویسے سعد اللّٰہ ایک بہت سنجیدہ سوال ہے۔جواب دو گے؟”
عبداللّٰہ ڈھیٹ بنا کھڑا رہا اور سعد اللّٰہ کو طیش دلاتا رہا۔
“بکو۔”
“یہ اتنی شیریں بیانی جیسے ہہتی گنگا کیسے اُگل لیتے ہو؟”
“دفع ہو جاؤ۔ورنہ منہ توڑ دوں گا۔”
سعد اللّٰہ نے اسے دیکھے بغیر کہا۔ عبداللّٰہ نے اتنی ٹانگ کھنچائی کافی سمجھی اور اپنا کپ اٹھاتا کمرے سے نکل گیا۔اس کے نکلتے ہی سعد اللّٰہ بھی کمرے سے نکل کر صفیہ کو تلاش کرتا حویلی میں گھوم رہا تھا۔
کیا ہو گیا جو ہو گیا ہوں تھوڑا بہت خراب
تھوڑا بہت خراب تو ہونا بھی چاہیے
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
Barg E Zard by Zumar Fatima Episode 19

