Uncategorized

Dil O Janam Fida E Tu by Aniqa Ana Episode 47 Online Reading


عبدالمعید اور لہیم جاہ، لہیم جاہ کے فارم ہاؤس کے تہ خانے میں موجود تھے۔ یہ جدید آلات و ٹیکنالوجی سے مزین تہ خانہ تھا۔ جسے عبدالمعید کی خواہش پر ہی لہیم جاہ نے سال بھر پہلے تیار کروایا تھا۔ لہیم جاہ وہاں بہت کم آتا تھا اسے کبھی ان چیزوں کی ضرورت ہی نہیں پڑی تھی۔ یہاں کام کرنے والے پانچ لوگ، سبھی پروفیشنلز اور غیر ملکی تھے۔ یہیں رہ کر عبدالمعید لہیم جاہ کو بھی اپنی نگاہ میں رکھے ہوئے تھا۔
”تم نے تو اسے اچھا خاصا ایک جاسوسی فلم کے کمپیوٹر روم کی شکل دے دی ہے۔“ لہیم جاہ نے کمپیوٹر، بڑی بڑی اسکرینیں، جی پی ایس مانیٹرنگ کا نظام اور دیگر جدید سائنسی سہولیات دیکھ کر اسے سراہا تھا۔
”میں نے یہاں اور بھی کئی تبدیلیاں کی ہیں؟ ایک آپریشن تھیٹر، ڈسپنسری، ریسٹ روم سب کچھ سیٹ کیا ہے۔“ عبدالمعید ایک اسکرین آن کرکے اسے کچھ دکھانے لگا تھا۔
”کبھی بھی کوئی ناگہانی پیش آ سکتی ہے۔ یہاں کے عملے کو بھی ضرورت پڑ سکتی ہے۔“ وہ ساتھ ساتھ اسے وضاحت بھی دے رہا تھا۔
”میں نہیں چاہتا تھا کہ یہ لوگ اس شہر میں کسی کی بھی نگاہ میں آئیں تو یہ سب ان کے لیے بھی ضروری تھا۔“ اسکرین پر ایک دم لہیم جاہ کو کچھ نظر آیا تھا۔ اس نے ہاتھ بڑھا کر وہ منظر دوبارہ چلایا اور اگلے ہی پل اس نے عبدالمعید کو زبردست گھوری سے نوازا تھا۔
”تم سے کہا تھا کہ میری جاسوسی بند کرو۔“ وہ پارک کا ہی منظر تھا۔ جب وہ گاڑی سے نکل رہا تھا۔
”بس یہ آخری دن کی فوٹیج تھی یار! اس کے بعد، جب تم نے منع کیا تو میں نے تمھاری جاسوسی نہیں کی۔“ اس نے دو چار منظر اسے اور بھی دکھائے تھے۔ وہ اسے کافی دیر گھورتا رہا تھا اور عبدالمعید اسے ان سات آٹھ دنوں کی وڈیو دکھاتا رہا جب اس نے لہیم جاہ سے ایک منٹ کے لیے نظر نہیں اٹھائی تھی۔
”اب تم خود دیکھ سکتے ہو کہ اس سب میں میری سرکار یا سرکاری ملازمین شامل نہیں ہیں۔“ اس کا اشارہ اس سارے سیٹ اپ اور عملے کی طرف تھا۔
”اس کا مطلب یہ نہیں کہ مجھ پر نظر رکھنے کے لیے تمھیں کھلی چھوٹ مل چکی ہے۔“ وہ تپے ہوئے لہجے میں بولا تھا۔
”مجھے تمھاری فکر۔۔۔“ لہیم جاہ نے بڑی مشکل سے خود کو اس کا جبڑا توڑنے سے روکا تھا۔
”میں تمھاری محبوبہ نہیں ہوں جس کی فکر میں تمھاری راتوں کی نیند حرام ہو چکی ہے اور نہ مجھے ان باتوں سے متاثر کرنے کی کوشش کیا کرو۔“ عبدالمعید نے دانت کچکچا کر اسے دیکھا تھا۔
”اب مجھے گھورنا بند کرو، اور اس لڑکی کی فکر کرو۔“ لہیم جاہ نے یاد دلایا جس مقصد کے لیے وہ یہاں آئے ہوئے تھے۔ اس کا فون نمبر وہ سرویلنس پہ ڈال چکا تھا۔ فون کمپنی میں فون کرکے اس کے ریکارڈ بھی جلد از جلد بھیجنے کی تاکید کی تھی۔
دن میں ہی اپنے بندوں کو پروفیسر عباد بدر کی ساری معلومات اکٹھی کرنے کا کہا تھا۔ ان کے دوست، ان کے دشمن، عنقریب کوئی جھگڑا یا تابعہ کا ایسا کچھ؟ جوان لڑکی تھی، خوب صورت بھی تھی۔ کوئی ناکام و نامراد عاشق بھی بدلہ لینے کے لیے ایسا کر سکتا تھا۔ انھیں کسی بھی پہلو کو نظر انداز نہیں کرنا تھا۔ ہر ہر پہلو کی جانچ کرنا بھی ضروری تھا۔
”اس کا کسی کے ساتھ کوئی افیئر یا ایسا کوئی معاملہ نہیں ہو گا۔“ لہیم جاہ نے اس کی تردید کرتے ہوئے پورے یقین سے کہا تھا۔

Faryal Khan

About Author

Leave a comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

You may also like

Uncategorized

Howto Determine Gallbladder Disease

17 Symptoms of Gallbladder Disease Ordering an composition is speedy and straightforward. Thus, you’ll get an essay which is totally
Uncategorized

Yar Yaroon sy nah Hon Juda By Zainaib Khan

  Yar yaroon sy nah hn juda by Zainaib khan season 2 Episode(1_19)   . is a Classic, Urdu, Romantic,