جیکسن نے رینج روور گیٹ پر ہی روکی تھی۔ لہیم جاہ نے شجاع فرید کے اتر کر گیٹ کھولنے اور گاڑی کے اندر جانے کا بھی انتظار نہیں کیا تھا۔ وہ گاڑی کا دروازہ کھولتا ہوا نیچے اترا اور تقریباً بھاگتا ہوا اندر گیا تھا۔ ایک طرف اس کا رہائشی حصہ تھا تو دوسری طرف اصطبل، رفیق اور اس کی بیوی درمیان میں کھڑے انھیں کی راہ دیکھ رہے تھے۔ رفیق نے اصطبل کی طرف اشارہ کیا تو لہیم جاہ نے بھاگتے قدموں کو اس طرف موڑا تھا۔ اس کے دل میں عجیب سے وہم آ رہے تھے۔ اصطبل کے دروازے سے تھوڑا اندر جا کر اسے ٹھٹھک کر رک جانا پڑا تھا۔ پندرہ قدم کی دوری پر شہاب کا تھان تھا جہاں وہ بندھا ہوتا مگر اب وہاں۔۔۔”اوہ میرے خدا۔۔!“ اس کے منھ سے نکلا تھا۔ اس کے پیچھے آتے شجاع فرید نے اسے کہتے سنا لیکن یہ وقت ان باتوں پر غور کرنے کا نہیں تھا۔ شہاب کے تھان سے لے کر ان کے قدموں تک خون کا تالاب بنا ہوا تھا۔ لہیم اسی خون سے بچ کر قدم اٹھاتا شہاب کے قریب آیا اور گھٹنوں کے بل بیٹھتے اس کی گردن پر ہاتھ رکھ کر اس میں زندگی کے آثار تلاش کرنے چاہے تھے۔ گولی عین دل کے مقام پر لگی تھی۔ اور ایک ہی گولی نے اس کے جان سے عزیز گھوڑے کی جان لے لی تھی۔ وہ بار بار اس کے جسم کو ہلاتا، کبھی اس کی گردن سہلاتا، تو کبھی بالوں میں ہاتھ پھیرتا کہ شاید وہ جاگ جائے، وہ اٹھ جائے۔”وہ مر چکا ہے سر!“ شجاع فرید اس کے قریب آیا تھا۔ اس نے دیکھا کہ اس کے ہاتھ لرز رہے تھے۔ تکلیف اور صدمے کے باعث اس جیسے مضبوط اعصاب کا مالک بھی خود کو سنبھال نہیں پا رہا تھا۔ اسے یہ گھوڑا اسفند جاہ نے اس کی سولہویں سال گرہ پہ دیا تھا۔ جب شہاب ابھی خود بھی بچہ ہی تھا۔ دونوں ساتھ ساتھ ہی جوان ہوئے تھے اور باقی کے دونوں گھوڑے لہیم نے خود لیے تاہم شہاب کی جگہ کوئی دوسرا نہیں لے سکا تھا۔ وہ گہرے دوستوں کی طرح اس سے باتیں کیا کرتا تھا۔ اس بات سے قطع نظر کہ وہ سمجھتا تھا یا نہیں!
Dil O Janam Fida E Tu By Aniqa Ana Episode 49

