اس نے نئے نمبر کا سارا کال لاگ کئی بار دیکھ لیا تھا۔ روابط بھی دو سے تین بار دیکھ چکی تھی مگر زینت کا نمبر کہیں نہیں تھا۔ اسے رہ رہ کر آج خود پر افسوس ہو رہا تھا کہ وہ زینت کو کیسے بھول سکتی تھی؟ وہی تو تھی جس نے اس مشکل وقت میں اپنی پروا کیے بغیر، بلا کسی خوف کے، اس کی مدد کی تھی۔ اسے واصب جیسے درندے کے چنگل سے بچایا تھا۔”مجھے یہ فون ماموں جان نے دیا تھا اور بھلا اس میں زینت کا نمبر کیوں ہو گا!؟“ اسے یاد آیا تو سر پر ہاتھ مارتی بستر پہ بیٹھی تھی۔ سوچ میں غلطاں، ناخن کترتی وہ موبائل سکرین کو گھورتی ہوئی وہ شدید بےچین تھی۔ مطیبہ ٹرے میں چائے اور شامی کباب لیے اندر آئی تھی۔ اس نے بڑے غور سے اسے دیکھا، وہ اکثر اسے ناخن چبانے پہ ٹوکتی تھی اور آج خود اسی حرکت کی مرتکب ہو رہی تھی۔”تم کچھ بھی کہو! لیکن اتنا تو میں دعوے سے کَہ سکتی ہوں کہ میرے ہاتھ کے بنائے شامی کباب کا ذائقہ تمھارے ان ناخنوں کے ذائقے سے کہیں زیادہ اچھا ہو گا۔“ پلیٹ اس کی آنکھوں کے سامنے کرتے اس نے اس کی توجہ کھینچی تھی۔ شہرین نے برا سا منھ بناتے ہاتھ چہرے سے ہٹایا تھا۔”جب سے اسکول سے آئی ہو، پریشان لگ رہی ہو۔“”نہیں۔۔۔ نہ۔۔۔“ اس نے وضاحت دینے کے لیے منھ کھولا ہی تھا کہ مطیبہ نے ہاتھ اٹھا کر اسے منع کیا اور بولی:”آں ہاں!! میں تمھیں مجبور نہیں کر رہی کہ مجھے اپنی الجھن میں شریک کرو؛ ابھی میں صرف اتنا چاہتی ہوں کہ تم یہ موبائل اور اسے سے جڑی فکر چھوڑ کر میرے ساتھ چائے میں شریک ہو جاؤ۔“ اتنا کَہ کر چائے کی پیالی اس کی سمت بڑھائی تھی۔ جسے اس نے ہلکی سی مسکراہٹ کے ساتھ قبول کیا تھا۔”ایسے ہی مسکراتی رہا کرو، اچھی لگتی ہو۔ اچھا سنو!“ وہ دائیں بائیں دیکھتے ہوئے، اس کی طرف جھک کر رازداری سے، سرگوشی نما انداز میں بولی:”رومانہ (سجاد ماموں کی بیٹی) کا فون آیا تھا۔ سفیان نے ان سے تمھارے لیے اپنی پسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔“ چائے کی پیالی اس کے ہاتھ میں لرز گئی تھی۔”نہیں! تم کَہ دو کہ تم جھوٹ بول رہی ہو۔“ چائے ٹرے میں رکھتے ہوئے وہ اپنی جگہ سے اٹھتی اس کے قریب بیٹھی تھی۔”ایسا کبھی ہو ہی نہیں سکتا، ماموں کبھی نہیں مانیں گے۔“ سجاد ماموں نے اسے خود گھر سے نکالا تھا تو اب پھر بہو بنا کر دوبارہ اپنے گھر کبھی نہ لے کر جاتے۔”ابھی رشتے کی بات نہیں کی کسی سے، ابھی صرف سفیان نے اپنی پسندیدگی یا اپنا رجحان بتایا ہے کہ وہ تم سے شادی کرنا چاہتا ہے۔“ مطیبہ نے چائے پیتے ہوئے اس مزید بتایا تھا۔”تم ابھی سے ہلکان کیوں ہو رہی ہو؟ صرف سفیان کے پسند کرنے سے کچھ نہیں ہوتا، تمھاری رضامندی بھی اتنی ہی اہم ہے جتنی اس کی۔۔۔ میں ہوں نا!“ وہ اس کی پریشانی کو خاطر میں نہ لائی تھی۔”اب پریشان ہونا چھوڑو اور چائے پیو۔۔ ویسے۔۔“ اس کا چہرہ دیکھتے اسے ایک خیال آیا تھا۔(شہرین میری بھابھی بھی تو بن سکتی ہے۔) اس خیال کے تحت اس کی آنکھیں چمک اٹھی تھیں۔”مجھے یہ پریشانی نہیں ہے کہ کیا ہو گا؟ مجھے دراصل۔۔۔“ وہ ہونٹ کاٹتی بات ادھوری چھوڑ کر کچھ سوچنے لگی تھی۔ مطیبہ بھی اس کے بولنے کی منتظر؛ خاموشی سے اس کا چہرہ دیکھنے لگی۔”میں نانو سے بات کرنا چاہ رہی تھی مگر سمجھ میں نہیں آ رہا کہ کیا کہوں گی؟ اتنے مہینے ہو گئے؛ وہ یقیناً بہت خفا ہوں گی۔“ آخر اس نے کَہ ہی دیا تھا۔”لو کر لو بات۔۔!“ وہ سر پہ ہاتھ مارتی، گویا اس کی عقل پر ماتم کرتے ہوئے بولی تھی۔”فون کرو اور سلام کہو، زیادہ سے زیادہ ڈانٹیں گی تو چپ کر کے سن لینا، جہاں لگے جواب دینا ناگزیر ہے وہاں تمیز کے دائرے میں رہتے ہوئے جواب دے دینا۔“ مطیبہ اس کا مسئلہ چٹکیوں میں حل کرتی چائے کے خالی برتن اٹھاتے وہاں سے اٹھی اور اسے فون کرنے کی یاددہانی کرنا نہ بھولی تھی۔”السلام علیکم نانو! کیسی ہیں آپ؟“ اس نے جی کڑا کرکے فون ملایا تھا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

