“آر یُو میڈ؟ خُودکُشی کرنے کا اِتنا ہی شوق ہے تو کہیں اور جا کر کریں میرے پاس لاشوں کو اُٹھوانے کا فالتو وقت بالکُل بھی نہیں۔” کار سے نِکل کر اُس کے سر پر کھڑا ہوتا وہ دھاڑ اُٹھا تھا جِس پر ہوش میں آتے زنجبیل ابرش کو اُٹھا کر کندھے سے لگاتے کھڑی ہوئی اور اُس کی طرف پلٹی مگر اُس کا پلٹنا غضب ڈھا گیا تھا۔ سامنے کھڑا شخص بُت بنا اُس کی من موہنی شکل دیکھتا جیسے سکتے میں چلا گیا تھا۔ زنجبیل نے جُھکی نظریں اُٹھا کر سامنے کھڑے شخص کو دیکھا تو وہ زنجبیل کی اشکوں سے بھری جھیل سی بھوری آنکھوں میں دیکھتا رہ گیا۔ ایک بچّی کو کندھے سے لگائے، سر پر حِجاب لپیٹے، کندھوں پہ چادر اوڑھے، آنکھوں میں ڈھیر ساری نمی اور بھینچے لب لیے وہ کوئی اور نہیں زنجبیل آفریدی تھی جو پہلے سے تھوڑی بدل گئی تھی۔ وہ پہلے سے تھوڑی صحت مند اور پیاری ہو گئی تھی لیکن آج بھی پہلے کی طرح سادہ ہی تھی۔ پہلے وہ ایک بچّی تھی اور اب ایک بھرپور دوشیزہ کے روپ میں اُس کے سامنے تھی۔ وہ خُود بھی تو بہت بدل گیا تھا تو یہ کیسے مُمکن تھا کہ وقت زنجبیل آفریدی کو چھوئے بغیر گُزر جاتا؟ وہ اُسے پہلی نظر میں ہی پہچان گیا تھا آخر وہ اُس کی پہلی اور لڑکپن کی مُحبّت تھی۔ “سوری سر! لیکن میں مُسلمان ہوں اور مُسلمانوں پہ خُودکُشی حرام ہے۔” سپاٹ انداز میں کہہ کر ایک نظر اُس پہ ڈال کر وہ ابرش کو اُٹھائے واپس کمپنی کی جانِب بڑھ گئی تھی۔ اُس نے بے یقینی سے خُود سے دور جاتی زنجبیل کو دیکھا تھا جِس نے اُسے بالکُل بھی نہیں پہچانا تھا۔ یا تو وہ بہت بدل گیا تھا یا پھر زنجبیل آفریدی کے دِل میں اُس کے لیے کوئی احساس نہیں تھا جِس کی بِناء پر وہ اُسے یاد رکھتی۔ پتھرائے چہرے سے اُس نے زنجبیل کی پُشت کو دیکھا تھا۔”مومی بھوک لگی ہے۔” وہ اُس سے کُچھ قدموں کے فاصلے پر تھی جب اُس کی گود میں موجود ابرش نے زنجبیل کی گردن میں چہرہ چُھپاتے کہا تھا۔ جہاں زنجبیل کے قدموں میں روانی آئی تھی وہیں پیچھے کھڑا وجود سنّاٹوں کی زد میں رہ گیا تھا۔ وہ بچّی زنجبیل آفریدی کی بیٹی تھی؟ یہ پہلا دھچکّا تھا جو اُسے آج اِتنے دِنوں بعد آفِس آ کر لگا تھا۔ “سر چلیں؟” اُس کے پیچھے کھڑے ایک آدمی نے کہا تو وہ چونک کر ہوش میں آیا اور بے دھیانی میں سر ہلاتا اندر کی جانِب بڑھا۔ ریسیپشن سے اپنے آفِس تک وہ بے دھیانی میں سب کے سلام سُنتا آیا تھا۔ دھیان دے بھی کیسے پاتا کہ دھیان کے سارے دھاگے تو زنجبیل آفریدی سے جُڑے ہوئے تھے۔ ابھی وہ اپنے آفِس میں آ کر کُرسی پر بیٹھا ہی تھا جب دروازہ ناک کر کے عینا اندر داخِل ہوئی۔”ہیلو سر؟ کیسے ہیں آپ؟” عینا نے خُوش اِخلاقی سے پوچھا تھا وہ ہوش میں ہوتا تو لازمی اُس کی بے تکلّفی پر اُسے جھاڑ کر رکھ دیتا مگر اِس وقت وہ عجیب سے کھوئی کھوئی کیفیت میں تھا۔ “مِس زنجبیل کی سی وی مُجھے ابھی چاہیے۔” ٹائی کی ناٹ ڈھیلی کر کے عینا کو حُکمیہ لہجے میں کہا تو وہ اُس کے اپنے سوال کو نظر انداز کرنے پر صبر کے گھونٹ بھر کر سر ہلاتی واپس مُڑ گئی۔کُچھ دیر بعد وہ زنجبیل کی سی وی اُٹھائے اُس کے آفِس میں آئی تھی۔ “آپ کا ٹِرپ کیسا رہا سر؟” عینا نے ایک بار پھر سے پوچھا تھا۔”یُو مے لیو ناو!” اُس نے بغیر دیکھے عینا سے کہا تو وہ سر تا پاوں سُلگ اُٹھی مگر کُچھ کہہ بھی نہیں سکتی تھی تبھی کمرے سے نِکل گئی۔وہ زنجبیل کی سی وی پر نظریں دوڑا رہا تھا۔ پورا نام زنجبیل خان آفریدی تھا۔ ابھی وہ دیکھ ہی رہا تھا جب سٹیٹس کے آگے لفظ “سِنگل” پر اُس کے ماتھے پر بل پڑے تھے۔ اگر وہ سنِگل تھی تو وہ بیٹی؟ اُس نے مزید بغیر کُچھ سوچے عینا کو فون مِلا کر اپنے کیبن میں بُلایا اور اگلے دو مِنٹ میں وہ وہاں حاضِر تھی۔”مِس زنجبیل کی سی وی میں سِنگل لِکھا ہوا ہے تو وہ بچّی کون ہے جِسے وہ ساتھ لائی ہیں؟” اُس نے بغیر کِسی قِسم کی تمہید باندھے ڈائریکٹ سوال کیا تھا۔”وہ زنجبیل کی ہی بیٹی ہے سر! زنجبیل طلاق یافتہ ہے۔” لہجے میں تمسخر بھرے اُس نے حقیقت بتائی تو وہ سر جُھکائے آنکھیں میچ گیا۔ اُس کے سر جُھکانے پر عینا اُس کے چہرے پر اُبھرتے نا فہم سے تاثرات نہیں دیکھ پائی تھی۔ “مِس زنجبیل کو میرے کیبن میں بھیجیں۔” عینا کو اُس کا اگلا حُکم عجیب لگا تھا بھلا وہ کیوں زنجبیل کو اپنے آفِس میں بُلا رہا تھا؟ یہی سوچتی وہ باہِر نِکلی اور زنجبیل کو اُس کا پیغام دینے چلی گئی۔اُسے اِنتظار کرتے دس مِنٹ ہوئے تھے جب اُس کے آفِس کے دروازے پر دستک ہوئی۔ اُس نے اندر آنے کی اِجازت دی تو دروازے سے ایک چھوٹی سی نیلے فراک میں ملبوس بچّی اندر داخِل ہوئی جِس کی سیاہ روشن آنکھیں اِردگِرد کا جاِئزہ لے رہی تھیں جبکہ پھولے پھولے گال سُرخ تھے۔ وہ بچّی بہت خُوبصورت تھی اور اُس کے نقوش بھی زنجبیل کے نقوش سے مِلتے تھے۔ سیاہ آنکھیں شاید باپ سے چُرائی تھیں۔ اِس سوچ کے آتے ہی اُس نے دِل کی پُکار سے نظریں چُرائی تھیں۔ ابرش کے پیچھے ہی زنجبیل کمرے میں داخِل ہوئی تھی۔ ابرش کا ہاتھ تھام کر اب وہ اُس کے سامنے میز کے دوسری طرف کھڑی تھی۔ “آپ نے بُلایا سر؟” زنجبیل نے بغیر اُس کی طرف دیکھے اِستفسار کیا تو وہ کئی پل اُسے دیکھے گیا۔”آپ کی بیٹی بہت پیاری ہے۔” اُس نے ابرش کو دیکھ کر کہا جو ٹُکڑ ٹُکڑ اُسے دیکھ رہی تھی۔”شُکریہ سر!” زنجبیل کا لہجہ ابھی بھی سپاٹ تھا۔ “میں بہزاد غزنوی ہوں۔ یہ کمپنی میرے بابا کی ہے جِسے میں ہی ہینڈل کرتا ہوں تو اِس لحاظ سے آپ کا سارا کام بھی میں ہی چیک کیا کروں گا اُمید ہے کہ آپ اچھے سے اپنا کام سر انجام دیں گی۔” بہزاد نے نظریں اُس کے چہرے پر ٹِکائے کہا۔ زنجبیل نے بہزاد غزنوی کے نام پر چونک کر اُس کی طرف دیکھا مگر پھر سر جھٹک کر سر ہلا گئی۔”میں کوشش کروں گی کہ آپ کو شِکایت کا موقع نہ دوں۔” بے تاثر لہجے میں کہہ کر اُس نے ابرش کو دیکھا جو اب اُس سے ہاتھ چُھڑوائے کُرسی پر چڑھنے کی کوشش کر رہی تھی مگر مسلسل ناکام ہو رہی تھی۔ اِس سے پہلے کہ زنجبیل اُس کو پکڑتی بہزاد اپنی جگہ سے اُٹھا اور ابرش کے پاس دو زانو بیٹھ کر اُسے خُود کُرسی پر بِٹھایا۔ ابرش نے خُوش ہو کر بہزاد کو دیکھا جو اُسی کو دیکھ رہا تھا اور پھر ہلکا سا اُچھل کر اُس کا گال لبوں سے چھو گئی۔ بہزاد کے لبوں کو بے اِختیار مُسکراہٹ نے چھوا تھا جبکہ زنجبیل اُس کے عمل پر دنگ رہ گئی تھی جو اجنبیوں سے بہت کتراتی تھی۔ “آپ کو چاکلیٹ پسند ہے؟” بہزاد نے ابرش کو مُخاطِب کیا تھا جبکہ انداز ایسا تھا جیسے دونوں کے عِلاوہ وہاں کوئی موجود نا ہو۔ “بہت پشند ہے۔ آبی کی ٹمی کو بھوک بھی لگی ہے۔” ابرش نے چاکلیٹ کے نام پر آنکھوں میں چمک بھرتے اپنا ننھا سا ہاتھ اپنے پیٹ پر پھیر کر کہا۔ بہزاد اُس کے چہرے پر چھائی معصومیت کو دیکھ کر رہ گیا تھا۔”ابھی آبی کے لیے ڈھیر ساری چاکلیٹس آئیں گی۔” وہ اُسے گود میں اُٹھا کر اپنی کُرسی پر جا بیٹھا جبکہ زنجبیل کا چہرہ شِدّتِ ضبط سے سُرخ پڑنے لگا تھا۔”سوری سر! مگر آبی کے لیے ہر چیز میرے پاس موجود ہے۔ آپ کو تکلّف کرنے کی ضرورت نہیں۔ آبی! یہاں آو مومی کے پاس!” زنجبیل نے بہزاد کو سپاٹ انداز میں کہہ کر نرمی سے ابرِش کی طرف بازو وا کیے تھے جبکہ ابرِش اپنی مومی کی بات سُن کر بہزاد کی گود سے ہی اُس کی طرف ہمکنے لگی تھی۔ “مومی پاش جانا ہے۔” بہزاد نے ابرِش کو نیچے نا اُتارا تو ابرِش نے روہانسے ہوتے دُہائی دی تھی۔ بہزاد کی نظریں زنجبیل کے چہرے پر ٹِکی ہوئی تھیں جو اب بھی بے تاثر تھا۔ ابرِش کی پُکار پر وہ ہوش میں آتا اُسے نیچے اُتار گیا جو بھاگ کر زنجبیل کی ٹانگوں سے جا لِپٹی تھی۔”تُمہارے شوہر نے تُمہیں طلاق کیوں دی؟” اب کی بار وہ “آپ” سے سیدھا “تُم” پر آیا تھا۔ لہجہ اِنتہا کی نرمی و مُحبّت لیے ہوئے تھا آنکھوں میں عجب سی چمک در آئی تھی۔ “یہ میرا ذاتی معاملہ ہے اور آپ کو کوئی حق نہیں پہنچتا کہ آپ مُجھ سے ذاتی نوعیت کے سوالات پوچھیں۔ اُمید ہے آئندہ آپ خیال رکھیں گے۔ کیا میں جاوں؟” تلخ سے لہجے میں بول کر آخر میں اُس نے اِجازت چاہی تھی۔ بہزاد کُچھ پل اُس کے چہرے پر شناسائی کے رنگ ڈھونڈنا رہا مگر لاکھ کوششوں کے بعد بھی زنجبیل کے چہرے پر ایسا کوئی رنگ نظر نہیں آیا تھا جو اُس کو آس کا کوئی سِرا تھما جاتا۔ “جائیں۔” گہرا سانس بھر کر اُس نے اِجازت دی تو وہ ابرش کی اُنگلی تھامے باہِر کی جانِب بڑھ گئی۔ اُس کے جانے کے کُچھ دیر بعد مرزا غزنوی اُس کے کیبن میں داخِل ہوئے تھے جِن کو بہزاد کے واپس آنے کی خبر مِلی تھی اور وہ بغیر دیری کیے وہاں پہنچ گئے تھے۔ “بابا!” مرزا صاحب کو دیکھ کر وہ اُٹھ کر کھڑا ہوتا اُن سے بغل گیر ہوا تھا۔ “کیسا ہے میرا شیر؟” اُنہوں نے بہزاد کی پُشت تھپتھپاتے پُرجوش انداز میں پوچھا تو وہ سنجیدہ سا چہرہ لیے اُن سے الگ ہوا۔”کیا ہوا غازی؟” اُنہوں نے اُس کو چُپ چُپ دیکھ کر اِستفسار کیا۔ چُپ تو وہ پہلے بھی رہتا تھا مگر آج کُچھ الگ سا تھا اُس کے انداز میں جو اُنہیں کھٹکا تھا۔”وہ مُجھے مِل گئی بابا!” بہزاد کا جُملہ اُن کے کانوں میں گونجا تو وہ دم بخود سے رہ گئے۔ اُس کی بات کا مفہوم سمجھ میں آتے ہی اُنہوں نے بے ساختہ اُس کے چہرے کا رُخ اپنی طرف موڑا تھا۔ اُس کی آنکھوں کی چمک اِس وقت ماند پڑ چُکی تھی۔ “وہ مُجھے مِل کے بھی نہیں مِلی بابا!” بہزاد کا لہجہ شِکوہ کناں تھا۔ مرزا صاحب کا دِل تڑپ اُٹھا تھا۔ “کیا کہہ رہے ہو؟ کہاں مِلی تُمہیں وہ اور اِتنے نا اُمید کیوں ہورہے ہو؟”مرزا صاحب نے اُسے کُرسی پر بِٹھاتے ہوئے پوچھا اور خُود بھی اُس کے ساننے پڑی کُرسی پر براجمان ہو گئے۔”اُس کی ایک بیٹی ہے بابا! ابرش نام ہے اُس کا!” بہزاد نے سپاٹ لہجے میں بتایا۔”اُس کی شادی ہو گئی؟” مرزا صاحب کے لبوں سے بے ساختہ یہ سوال پِھسلا تھا۔ “طلاق بھی ہو چُکی ہے۔” بہزاد کا لہجہ سنجیدہ تھا مگر مرزا صاحب یہ بات سُن کر خُوش ہو گئے تھے مگر اپنی خُوشی ظاہِر نہیں کی تھی کہ کِسی کی طلاق پہ خُوش ہونا اچھی بات نہیں تھی۔ “اوہ! یہ تو اچھی بات نہیں ہے مگر تُم اب اُس سے شادی کر سکتے ہو۔” مرزا صاحب کی بات پر وہ سر جھٹکتا اِستہزائیہ انداز میں ہنسا تھا۔ “اِس میں ہنسنے والی کیا بات ہے؟” مرزا صاحب اُس کے ہنسنے پر خفا ہوئے تھے۔”میں اُس سے شادی نہیں کر سکتا۔” بہزاد نے نظریں سامنے دیوار پر جمائے کہا۔”وہ طلاق یافتہ ہے اِس لیے؟ اُس کے وجود پر کِسی اور کی چھاپ ہے اِس لیے؟ کیا تُم اُس سے اب مُحبّت نہیں کرتے یا وہ مُحبّت اب یہ دیکھ کر ختم ہو گئی کہ وہ طلاق یافتہ ہے اور اُس کی ایک بیٹی بھی ہے۔ یا تُمہاری مُحبّت صِرف اُس وجود سے تھی جو ان چھوا تھا؟” مِرزا صاحب کی تلخ باتیں سُن کر اُس کے رگ و پے میں شرارے دوڑے تھے۔”آپ مُجھے اِتنا کم ظرف سمجھتے ہیں بابا؟ آپ کو لگتا ہے آپ کا غازی اِتنی گھٹیا سوچ رکھ سکتا ہے؟ اور رہی بات مُحبّت کی تو مُحبّت سچّی ہو تو کبھی ختم نہیں ہو سکتی نا ہی ختم کی جا سکتی ہے۔ میری مُحبّت بھی سچّی ہے بابا! تبھی آج بھی میرے دِل میں وہ لڑکی دھڑکن کی طرح دھڑکتی ہے۔” اُس کے لہجے سے ہی نہیں اُس کے انداز سے بھی ظاہِر ہو رہا تھا کہ وہ زنجبیل سے کِتنی مُحبّت کرتا ہے۔”پھر تُم اُس سے شادی کیوں نہیں کر سکتے؟ جب مُحبّت کرتے ہو تو شادی کیوں نہیں؟” مِرزا صاحب نے سنجیدگی سے پوچھا تھا۔ “شادی کرنے کے لیے دونوں فریقین کا راضی ہونا ضروری ہے بابا! مگر آج جب وہ میرے سامنے آئی تو اُس کا انداز بالکُل اجنبی تھا یُوں جیسے اُس نے مُجھے بالکُل بھی نا پہچانا ہو۔ اِتنا وقت تو نہیں گُزرا جو وہ مُجھے یُوں بھول جائے؟ یا پھر اُس کی نظروں میں کبھی میری کوئی وُقعت ہی نہیں تھی کہ وہ بہزاد غزنوی کو یاد رکھتی۔” تلخی سے بولتے بولتے آخر میں اُس کا لہجہ یاسیت بھرا تھا۔ “دس گیارہ سال گُزر گئے ہیں غازی! اور یہ کوئی کم عرصہ نہیں ہوتا۔ اِن دس سالوں میں وہ بدلی ہو یا نا بدلی ہو مگر تُم پورے کے پورے بدل گئے ہو اگر یقین نہیں آتا تو اپنی تب کی اور آج کی تصویر اُٹھا کر دیکھ لینا۔” مِرزا صاحب نے اُسے سمجھانا چاہا تھا۔ “اگر میں بدل بھی گیا ہوں تو وہ مُجھے پہچان لیتی اگر اُس کے دِل میں میرے لیے کُچھ ہوتا تو جیسے میں نے اُسے پہچان لیا۔” بہزاد کی سوئی اب تک وہیں اٹکی ہوئی تھی۔ اُسے سچ میں یقین نہیں آ رہا تھا کہ زنجبیل خان آفریدی نے اُسے نہیں پہچانا۔”اچھا یہ سب چھوڑو! مُجھے بتاو کہاں مِلی وہ تُمہیں اور مُجھے کب مِلواو گے؟” مِرزا صاحب نے اِشتیاق سے پوچھا تھا۔ وہ دیکھنا چاہتے تھے اُس لڑکی کو جو پِچھلے دس سالوں سے اُن کے بیٹے کے دِل پر حُکمرانی کرتی تھی مگر وہ اُس کا مُقدّر نہیں بن پائی تھی۔ “یہیں ہمارے آفِس میں کام کرتی ہے۔ زنجبیل خان آفریدی نام ہے اُس کا!” زنجبیل کا ذِکر کرتے اُس کے لہجے میں دُنیا جہاں کی نرمی سِمٹ آئی تھی۔ یہ اُن کا وہ غازی نہیں تھا جو سب سے بس لیا دیا رویہ رکھتا تھا اور آفِس میں کھڑوس باس کے نام سے مشہور تھا۔ یہ تو کوئی اور ہی غازی تھا۔ جہاں اُس کا نرم سا انداز اُن حیران کر گیا تھا وہیں زنجبیل کا نام سُن کر اُنہیں حیرت کا جھٹکا لگا تھا۔ اُن کے وہم و گُمان میں بھی نہیں تھا کہ اُن کی بیٹے کی چاہت زنجبیل خان آفریدی ہو گی۔”زنجبیل؟ وہ پیاری اور خاموش وضع دار بچّی؟” اُن کے لہجے میں دُنیا جہاں کی خُوشی در آئی تھی۔ “ہاں آپ کی وہ وضع دار اور پیاری بچّی جِس نے آپ کے سپوت کو پہچانا تک نہیں جو اُس کے عِشق میں پِچھلے دس سالوں سے گِرفتار ہے۔” سر جھٹک کر کہتا وہ اُنہیں کوئی روٹھا سا بچہ لگا تھا۔ “مُجھے وہ بہت پسند ہے غازی! جب بھی مِلتی ہے بہت اپنائیت سے مِلتی ہے۔ اِتنی سنحیدہ، باوقار اور رکھ رکھاو والی لڑکی ہے کہ آج کل کی لڑکیوں میں وہ وقار دیکھنے کو نہیں مِلتا۔ مُجھے تُمہاری پسند پر فخر ہے غازی!” اُنہوں نے اُس کے طنز کو نظر انداز کرتے خُوشی سے چہکتے کہا تھا۔”باباز چمپئین اِز ہئیر!” اِس سے پہلے کہ بہزاد کوئی جواب دیتا دس سالہ بُراق کی آواز کمرے میں گونجی تھی۔ دروازے کے وسط میں کھڑا وہ ہاتھ میں ٹرافی پکڑے چمکتی سیاہ آنکھوں سے اُن دونوں کو دیکھ رہا تھا۔ وائٹ سپورٹ ٹی شرٹ اور نیکر کے ساتھ وائٹ سپورٹ شوز پہنے وہ بہت پیارا لگ رہا تھا۔ کالے گھنے بال ماتھے پر بِکھرے ہوئے تھے جبکہ ماتھے پہ پسینے کی چند بوندیں چمک رہی تھیں۔ سپید رنگت میں سُرخیاں گُھلی ہوئی تھیں۔ اُسے دیکھ کر دونوں کی نظریں مِلی تھیں۔ وہ تو اُس وجود کو بھول ہی گئے تھے جو بہزاد کی زِندگی کا اہم ترین حِصّہ تھا۔بہزاد نے نظریں بُراق کی طرف موڑتے نیچے بیٹھتے اپنے بازو وا کیے تھے جِن میں بُراق اگلے ہی پل آن سمایا تھا۔ “میں نے گیم جیت لی بابا!” وہ خُوشی سے چہکتا بہزاد کی گردن کے گِرد بازو حمائل کر چُکا تھا۔ “مُجھے یقین تھا میرا چمپئین ہی جیتے گا۔” بہزاد نے اُس کی پُشت تھپتھپاتے اُس کا ماتھا چوما تھا۔”آج پارٹی پکّی پھر؟” مِرزا صاحب نے اُس کے بال بکھیر کر کہا تو وہ بہزاد سے الگ ہو کر مِرزا صاحب کے ٹانگوں سے جا لِپٹا۔”یس ددّو! آج ہم پارٹی کریں گے۔” خُوشی سے چیختا وہ اُن کا گال چوم گیا تو اُن کی آنکھیں بے ساختہ نم ہوئیں۔ “لنچ کیا آپ نے؟” بہزاد نے نرمی سے اُس کے بال سنوارتے پوچھا تو وہ نفی میں سر ہلا گیا۔”چلیں پہلے لنچ کرتے ہیں پھر سوچتے ہیں کہ ہمارے چمپئین کی جیت کیسے سیلیبریٹ کرنی ہے۔” وہ اُس کے ہاتھ سے ٹرافی تھام کر ٹیبل پر رکھتا اُسے گود میں اُٹھا کر بولا تھا۔ “میں اپنے ایک دوست سے مِلنے جا رہا ہوں۔ تُم دونوں اِنجوائے کرو شام میں مِلتے ہیں اور باقی باتیں تب ہی کریں گے۔” مِرزا صاحب کا اِشارہ کِس طرف تھا بہزاد اچھے سے سمجھ گیا تھا تبھی فقط سر ہلاتا آفِس سے نِکل گیا۔ مِرزا صاحب جا چُکے تھے جبکہ وہ بُراق کو اُٹھائے اب کمپنی میں بنی کینٹین کی طرف جا رہا تھا جہاں سے کھانے پینے کو تقریباً سبھی کُچھ مِل جاتا تھا۔ وہ اُسے ایک ٹیبل پہ بِٹھا کر خُود اُس کے لیے آرڈر کرنے چلا گیا تھا جبکہ اُس کے جانے کے بعد بُراق اپنی سیاہ آنکھیں گُھماتا یہاں وہاں دیکھنے لگا تھا تبھی اُس کی نِگاہ کینٹین میں داخِل ہوتی زنجبیل کی گود میں موجود ابرِش پر پڑی۔ اُس ننھی پری کو دیکھتے بُراق کی سیاہ آنکھیں مزید چمک اُٹھی تھیں۔ نیلے فراک میں ملبوس وہ سِلکی بالوں والی گُڑیا بُراق غزنوی کی آنکھوں کے ساتھ ساتھ دِل کو بھی بھا گئی تھی تبھی وہ بغیر کِسی جِھجھک کے اُٹھا اور زنجبیل کی طرف بڑھا۔”ہیلو میم! ہاو آر یُو؟” اُس نے اپنا ہاتھ زنجبیل کی طرف بڑھاتے شائستہ سے لہجے میں پوچھا تھا۔ ہاتھ زنجبیل کی طرف بڑھا ہوا تھا لیکن سیاہ آنکھیں ابرِش کے چہرے پر ٹِکی ہوئی تھیں جو اپنی سیاہ گہری آنکھوں سے اُسے ہی دیکھ رہی تھی۔”ہائے! ایم فائن اینڈ یُو؟” زنجبیل کو وہ چھوٹا سا بلا کا پُراعتماد بچّہ بہت پسند آیا تھا تبھی ابرِش کو نیچے اُتارتی وہ اُس کا ہاتھ تھام گئی تھی۔”ایم آلسو فائن! آئی لائک یُور ڈاٹر! پلیز کم وِد می!” مضبوط لہجے میں بولتے اُس نے بغیر زنجبیل کی طرف دیکھے ابرِش کا ہاتھ تھاما اور اُسے اپنے ساتھ لے جانے لگا۔ زنجبیل تو اُس کی جُرات پر حیران تھی۔ ابرِش بھی بغیر کِسی مزاحمت کے خُوش ہوتی اُس کے پیچھے چلنے لگی تھی۔ زنجبیل سکتے سے نِکلتی تیزی سے اُن کے پیچھے گئی تھی۔ بُراق اب ابرِش کو کُرسی پر بیٹھنے کا اِشارہ کر رہا تھا جو ابرِش کے قد کے حِساب سے اونچی تھی تبھی وہ کُرسی کی طرف رُخ کرتی اوپر چڑھنے کی کوشش کر رہی تھی اور کامیاب بھی ہو گئی تھی۔ کُرسی پر چڑھ کر وہ سیدھی ہوئی تھی۔ بُراق بھی اُس کے سامنے والی کُرسی پر بیٹھ گیا تھا۔ زنجبیل چلتی ہوئے اُن کے درمیان میں آن بیٹھی تھی۔”آپ بغیر میری اِجازت کے میری بیٹی کو اپنے ساتھ لے آئے۔ یہ بیڈ مینرز ہیں مُجھے بُرا لگا۔” زنجبیل نے بُراق کو احساس دِلانا چاہا تھا۔ اُس کا لہجہ سنجیدہ تھا۔ نا ناراضگی تھی نا کوئی خفگی!”آئی لائک ہر!” بُراق نے ابرش سے نظریں ہٹا کر زنجبیل سے کہا تھا۔ انداز بے نیاز سا تھا جیسے اُس کے لیے اپنے عمل کو جسٹِفائی کرنے کی یہی وجہ کافی ہو کہ اُسے ابرش پسند آئی تھی۔ “بابا آ گئے!” اِس سے پہلے کہ زنجبیل اُس سے کُچھ اور کہتی بُراق کی پُرجوش آواز پر اُسے چُپ رہنا پڑا تھا۔ پلٹ کر دیکھا تو اپنی جگہ جُزبُز سی ہو کر رہ گئی۔ دوسری طرف بہزاد بُراق کو کِسی کے ساتھ بیٹھا دیکھ کر اُس طرف آیا تھا اور یہاں آ کر اُسے خُوشگوار حیرت ہوئی تھی۔ اُسے بالکُل بھی توقّع نہیں تھی کہ واپسی پر اُسے زنجبیل بُراق کے ساتھ مِلے گی اور اب اُسے دیکھ کر جِتنی خُوشی اُسے دِل میں محسوس ہو رہی تھی وہ بیان نہیں کر سکتا تھا۔”ویلکم مِس بیلا!” بہزاد نے اُس کے سامنے والی کُرسی پہ بُراق اور ابرِش کے درمیان نشِست سنبھالی تھی۔ جاری ہے
Kabhi Hum Tum Bhi The Ashna Novel By Kanwal Akram Episode 2 CUM

