“ابرِش ڈِنر کر چُکی ہے اور آپ کا یہاں میرے گھر آنا مُجھے بالکُل اچھا نہیں لگا سر! مُجھے لوگوں سے بے تکلّف ہونا پسند نہیں۔ اُمید ہے آپ آئندہ خیال رکھیں گے۔” زنجبیل نے تلخ و تیکھے لہجے میں کہا۔ “آپ میری اِمپلائی ہیں مِس بیلا! اِس میں ایسی کوئی بُری بات بھی نہیں۔ میرے بیٹے کی خُواہش ہے ابرِش کے ساتھ ڈِنر کرنا اور میں اپنے بیٹے کی کوئی خُواش ادھوری نہیں رہنے دیتا۔” بہزاد نے تحمّل سے کہا مگر زنجبیل ویسے ہی سپاٹ چہرہ لیے کھڑی رہی۔”یہ آپ کا مسلہ ہے نا کہ میرا اور میری بیٹی کا۔ ویسے بھی آپ اپنی وائف کے ساتھ بھی ڈِنر پر جا سکتے ہیں مگر میں اپنی بیٹی کو لے کر آپ کے ساتھ نہیں جا سکتی۔” زنجبیل نے دو ٹوک اِنکار کیا۔”وائف نہیں ہے اور بُراق ابرِش کے ساتھ رہنا چاہتا ہے۔” بہزاد نے ایک نظر بُراق کو دیکھا جو اندر کھیلتی ابرِش کو ہی دیکھ رہا تھا۔”آپ کی وائف آپ کو چھوڑ کر چلی گئیں؟” زنجبیل نے بُراق کو دیکھتے دیکھتے کھوئے کھوئے انداز میں پوچھا۔”ہر کوئی آپ کے شوہر کی طرح نہیں ہوتا۔” ناچاہتے ہوئے بھی وہ طنز کر گیا تھا اور زنجبیل جِس کے چہرے پر بُراق کے لیے نرمی کے تاثرات اُبھرنے لگے تھے ایک بار پھر اپنے خول میں سِمٹ چُکی تھی۔ “میرے خیال سے آپ کو دیر ہو رہی ہے۔” زنجبیل نے سختی سے کہا۔”میرا کوئی دوست نہیں ہے کیونکہ میری ماما نہیں ہیں۔ کیا لِٹل فیری میری دوست نہیں بن سکتی؟” بہزاد کے کُچھ بولنے سے پہلے ہی بُراق نے نظریں ابرِش پر جمائے معصوم اور حسرت بھرے انداز میں کہا کہ زنجبیل کے دِل پر گھونسہ سا پڑا۔ “آپ تو بہت کیوٹ ہیں۔ آپ کو دوست نا بنا کر تو باقی سب اِتنے اچھے اور کیوٹ فرینڈ سے محروم رہ گئے۔ آپ ابرِش کے دوست بنیں گے تو مُجھے خُوشی ہو گی۔” زنجبیل نے اُس کے ماتھے پر بِکھرے بال سمیٹ کر نرمی سے کہا تو وہ ایک دم اُس کا دایاں گال چوم گیا۔ “آپ بہت اچھی ہیں۔” اُس کا چہرہ اپنے ننھے ہاتھوں کے پیالے میں بھر کر کہتا وہ اِس بار اُس کا بایاں گال چومتا ابرِش کی جانِب بھاگا جبکہ زنجبیل مُسکراتی آنکھیں لیے اُٹھ کھڑی ہوئی۔”بُراق کی ماما کا اِنتقال ہو چُکا ہے جب وہ بہت چھوٹا تھا تقریباً تین چار ماہ کا۔ میں اُس کی کوئی خُواہش رد نہیں کرتا اِس لیے اُسے یہاں لے آیا۔ ابھی کُچھ دیر پہلے آپ کے شوہر کے بارے میں جو کہا میرا ایسا کہنے کا کوئی اِرادہ نہیں تھا۔” بہزاد نے نظریں اُس کے من موہنے چہرے پر جما کر کہا۔”اِٹس اوکے۔” کہہ کر وہ وہاں رُکی نہیں تھی بلکہ اندر کی جانِب بڑھ گئی۔ اُس نے بہزاد سے نہیں پوچھا تھا کہ وہ یہاں تک کیسے آیا یا اُسے زنجبیل کے گھر کا کیسے پتہ چلا۔ اُسے ہائر کرتے وقت کمپنی والوں نے اُس سے اُس کا پتہ بھی لیا تھا اور بہزاد کے لیے اُس کا پتہ معلوم کرنا کون سا مُشکِل تھا۔بہزاد تقریباً دس مِنٹ بعد دوبارہ گھر میں داخِل ہوا تو اُس کے ہاتھ میں دو تین شاپرز تھے۔ ایک ناقدانہ نِگاہ اُس نے اِردگِرد ڈالی۔ یہ ایک چھوٹا سا گھر تھا جِس میں دو کمرے، ایک کِچن، اور ایک چھوٹا سا ہال تھا۔ ہال کے آگے بس تھوڑی سی جگہ تھی جِس کے آگے بیرونی گیٹ لگا ہوا تھا۔ گھر چھوٹا مگر صاف سُتھرا تھا۔ گھر کا جائزہ لے کر وہ اندر کی جانِب بڑا تو بُراق آلتی پالتی مارے فرش پر بیٹھا ابرِش کے ساتھ کھیل رہا تھا۔ ابرِش کی کِلکِھلاہٹ ہال میں گونج رہی تھی۔ “اسلامُ علیکُم!” بہزاد نے بی امّاں کے سامنے جا کر سر جھکاتے تمیز سے سلام کیا تھا اور اُس کی شرافت کو دیکھ کر بی امّاں نہال ہو گئی تھیں۔”صدا خُوش رہو۔ جیتے رہو۔” اُس کے سر پر ہاتھ رکھ اُسے دُعاوں سے نوازتے بی امّاں مُسکرائی تھیں۔ زنجبیل نے بی امّاں کو بتا دیا تھا کہ وہ اُس کے باس ہیں اور بُراق کی ابرِش سے مِلنے کی ضِد کی وجہ سے یہاں آئے ہیں۔ “ہم نے ڈِنر نہیں کیا تھا تو یہ لے آئے کہ آپ سب کے ساتھ ڈِنر کیا جائے۔ مِس بیلا نے بتایا کہ وہ ڈِنر کر چُکی ہیں مگر بُراق ابھی بھوکا ہے اگر آپ یہ سیٹ کر دیں تو؟” بہزاد نے ہاتھ میں موجود شاپرز زنجبیل کی طرف بڑھائے۔”ہم نے تو رات کا کھانا کھا لیا ہے لیکن بیلا نے ابھی نہیں کھایا۔ بیلا بچّے! یہ سب کِچن میں لے جاو۔” بی امّاں نے بہزاد کو بتانے کے بعد زنجبیل کو کہا تو وہ چُپ چاپ سر ہلاتی شاپرز اٹھا کر کِچن کی طرف بڑھ گئی۔ بہزاد ایک جانِب رکھے لکڑی کے صوفے پر بیٹھتا اب بی امّاں سے باتوں میں مصروف ہو گیا تھا۔ ابرِش اور بُراق اپنے کھیل میں مگن اِردگِرد سے بے نیاز تھے۔ “کُچھ دیر بعد زنجبیل نے ہاتھ دھو کر پلیٹس اور چمچ لا کر ٹیبل پر سجانے شروع کیے۔ گلاس اور جگ وغیرہ لا کر رکھنے کے بعد اُس نے بہزاد کو کھانا لگنے کی اِطلاع دی اور خُود ابرِش کی جانِب بڑھ گئی۔
Kabhi Hum Tum Bhi The Ashna Novel By Kanwal Akram Episode 4 CUM

