اگلا دِن اپنی پوری آب و تاب سے طلوع ہوا تھا۔ ایک نیا سویرا ایک نیا وقت لایا تھا جِس میں کیا ہونا تھا اُس سے اللّٰہ پاک کے عِلاوہ تو ہر کوئی انجان تھا۔ ایسے میں غزنوی ہاوس آو تو اِس وقت ڈائینگ ٹیبل پر بُراق کی آواز گونج رہی تھی جبکہ اُس کا باپ اور دادا اِس وقت خاموشی و پریشانی سے اُسے دیکھ رہے تھے جو اپنی فرمائش بتا کر خاموش بیٹھنے کا نام نہیں لے رہا تھا۔ “لِٹل فیری کو لے آئیں نا؟ میں پھر آپ کی ہر بات مانوں گا جو کہیں گے وہ کروں گا۔” بُراق اب کی بار شرائط رکھنے لگا تھا۔”نہیں لا سکتے نا بیٹا! جیسے آپ اپنے بابا کے بغیر نہیں رہ سکتے ویسے وہ اپنی ماما کے بغیر نہیں رہ سکتی۔” مِرزا صاحب نے اُسے سمجھانا چاہا تھا۔”تو پھر اُس کی ماما کو بھی لے آئیں ساتھ۔” اُس کے پاس ہر مسلے کا حل پہلے سے موجود تھا۔”وہ ہمارے ساتھ نہیں رہ سکتیں کیونکہ وہ ہماری کُچھ نہیں لگتیں۔ بغیر کِسی رِشتے کے وہ کیسے رہیں گی یہاں؟” بہزاد نے اب کی بار سختی سے کہا تھا تا کہ وہ زیادہ ضِد نا کرے۔”تو آپ اُن کو لگا لیں نا کُچھ؟ وہ آپ کی کزن بن کر ہی آ جائیں جیسے آپ کی کزن آتی ہیں اور رہتی بھی ہیں یہاں!” بُراق نے فی الفور کہا جبکہ مِرزا صاحب کو نا چاہتے ہوئے بھی بُراق کے انداز پر ہنسی آ گئی۔ “کزن بھی بنا لوں تو وہ نہیں آئیں گی۔” بہزاد نے اُس کی کل کی باتوں کو یاد کرتے کہا۔ دِل میں کہیں چُھبن ہوئی تھی یہ سوچ کر کہ وہ اُس سے نفرت کرتی ہے۔ یہ تو وہ سوچنا بھی نہیں چاہتا تھا کہ اُس نے جِس مُحبّت کا اِظہار کیا وہ اُس کے لیے نہیں تھی۔ وہ اُس سے جِتنی چاہے نفرت کرے مگر کِسی اور سے مُحبّت کرے یہ اُسے گوارا نہیں تھا۔
Kabhi Hum Tum Bhi The Ashna Novel By Kanwal Akram Episode 5 CUM

