وہ جہازی سائز بیڈ کے ایک کونے میں بیٹھی، جبران سے کچھ وقت مانگنے کے لئے اپنے ذہن میں مناسب الفاظ ترتیب دے رہی تھی، مگر ہر بار جملے کو ترتیب دیتے ہوئے اسے اتنا سوچنا پڑتا جتنا پزل کے ٹکڑوں کو جوڑنے کے لیے ایک ذہن سوچنے میں وقت صرف کرتا ہے۔
کئی گھنٹوں سے ایک ہی حالت میں بیٹھے بیٹھے وہ کافی زیادہ تھک چکی تھی۔
دل تو پہلے سے ہی اس کا تھکا ہوا تھا۔
اس نے نم پلكیں اٹھا کر گھڑی کی طرف دیکھا تو رات کے تین بج رہے تھے۔اس نے بے زاری سے دروازے پر ایک چبھتی ہوئی نظر ڈالی اور بیڈ کے جنگلے سے سر ٹکا گئی۔
اسے کون سا خوشی اور محبت سے جبران کا انتظار تھا؟
یہ تو زرینہ کے واسطے دینے پر، وہ روایتی دلہنوں کی طرح عروسی لباس میں بیٹھی، گھنٹوں سے اپنے مزاجی خدا کا انتظار کر رہی تھی۔
اس پر نیند غالب آنے لگی تو وہ ساری سوچوں کو پرے دھکیل کر آرام سے آنکھیں موند چکی تھیں۔
آنکھیں موندتے ہی نیند کی مہربان دیوی اسے اپنی بانہوں میں بھر گئی۔
وقت تھوڑا سا آگے سرکا تو اس کا جنگلے سے ٹکا سر، تکیے پر گر گیا تھا۔
کئی راتوں کی جاگی ہوئی کو شدید تهكن کی وجہ سے سکون بھری نیند آئی تھی۔
اسے جب بھی کبھی تهكن میں نیند آتی تو وہ دنیا و جہان سے بے خبر ہو کر کئی گھنٹوں تک سوتی رہتی۔
شب کی سیاہی آہستہ آہستہ اڑان بھر رہی تھی۔
جبران کمرے تک آنے میں کامیاب ہو چکا تھا۔
وہ دروازہ آہستگی سے بند کرکے مڑا تو بیڈ پر سوئی ہوئی میزاب کو دیکھ کر اس کے ماتھے پر کئی ناگوار شکنیں پڑ چکی تھیں۔
اس نے للچاتی نگاہیں میزاب کے سراپے پر ڈالیں تو اس کی نیت پہلے سے زیادہ خراب ہو چکی تھی۔
وہ اس کی طرف بڑھنے لگا تو اسی لمحے ہال میں نائلہ کی آواز گونج اُٹھی تھی۔
اس کے قدم وہی پر تھم گئے۔
کتنی مشکل سے وہ اسے سُلا کر یہاں تک پہنچا تھا مگر بے سود۔
وہ دریا کے پاس پہنچ کر بھی پیاسا رہ گیا تھا۔
اس نے بے دلی سے دروازہ کھول کر مڑ کر میزاب کے چہرے کو حسرت سے دیکھا اور پھر اِدھر اُدھر دیکھ کر باہر نکل گیا تھا۔
Teri Chahat Ki Dhanak by Hira Tahir 16 Online Reading

