میزاب کی طبیعت ذرا سمبهلی تو مہرین اس کا ہاتھ پکڑ کر اسے آئی سی یو کی طرف لے آئی۔
“ابی!”زرینہ بیگم اسے دیکھ کر اس کے پاس دوڑی چلی آئیں۔”تم کیوں چلی آئی یہاں؟”وہ اسے بازو سے تھام کر قریب پڑے بینچ پر بٹھا گئیں۔
“امّاں ٹھیک ہوں اب۔”وہ تھکے تھکے لہجے میں بولی۔
زرینہ کچھ بولنے کے لیے منہ کھول ہی رہی تھی جب سینئر ڈاکٹر باہر چلے آئے تھے۔
“ڈاکٹر صاحب میرا بیٹا کیسا ہے؟”فیاض احمد ان کی طرف لپکے تو میزاب ہمہ تن گوش ہو کر بنا نظر اٹھائے ڈاکٹر کی آواز سننے لگی۔
“خطرے کی کوئی بات نہیں۔آپ کے مریض کو ہوش آگیا ہے۔”وہ تسلّی دیتے ہوئے بولے تو میزاب نے بے ساختہ اللہ کا شکر ادا کیا تھا۔”اسے جب یہاں لایا گیا تھا تو اس کی حالت بہت خراب تھی۔بچنے کے چانسس بہت کم تھے مگر اس کی خوش نصیبی اور آپ لوگوں کی دعائیں ہیں جو اسے موت کے منہ سے واپس لے آئی ہے۔”
“ڈاکٹر صاحب کیا میں ان سے مل سکتی ہوں؟”میزاب نم آنکھوں سے ڈاکٹر کی طرف دیکھ کر مستفسر ہوئی۔
“ابھی نہیں!”وہ استھیٹیسکوپ گلے میں ڈال کر جانے لگے تو میزاب نے انہیں پکارا تھا۔
“ڈاکٹر صاحب!”اس کا حلق خشک ہونے لگا تھا۔”وہ سچ میں ٹھیک ہیں نا؟”یہ سوال کرتے ہوئے اس کا تھکا ہوا دل تیز تیز دھڑک رہا تھا۔
“جی، جی تسلّی رکھیں۔ماشاءالله! اب وہ خطرے سے باہر ہیں۔”ڈاکٹر یہ کہہ کر چلے گئے تو زرینہ اس کے قریب آئیں۔
“بیٹھ جاؤ!دیکھو کیا حالت بنا لی ہے تم نے اپنی؟”وہ اسے پھر سے بینچ پر بٹھا کر اس کے بال سنوارنے لگیں۔
“ٹھیک ہی تو ہوں امّاں۔”
“ٹھیک کہاں ہو؟ دیکھو کتنی پیلی پڑ گئی ہو۔ایسا لگتا ہے سارا خون نچڑ گیا ہو۔”وہ اس کے چہرے کو دونوں ہاتھوں کے پیالے میں لے کر بولیں۔”اُٹھو، اب تم میرے ساتھ گھر چلو!”انہوں نے اس کا ہاتھ پکڑا۔
“نہیں امّاں! میں کیسے جا سکتی ہوں؟”اس نےاپنا ہاتھ چھڑایا تھا۔
“بیٹا، اس حالت میں تمہارے لیے زیادہ بیٹھنا ٹھیک نہیں۔”
“کس حالت میں اور کیوں ٹھیک نہیں؟”وہ ان کی آنکھوں میں دیکھ کر استعجابیہ لہجے میں بولی۔
“بیٹا! تم اسے سمجھاؤ۔”انہوں نے مہرین کو مدد طلب نظروں سے دیکھا تھا۔
“جی آنٹی، میں سمجھاتی ہوں۔”وہ آگے آ کر اس کے ساتھ بیٹھ گئی تو زرینہ بہانہ بنا کر فیاض احمد کے ساتھ وہاں سے چلی گئی تھیں۔
“یار تم اُمید سے ہو۔”ان کے جاتے ہی مہرین نے سرگوشی میں کہا تھا۔
“کیا سچ؟”اس کا چہرہ کھِل اُٹھا تھا۔
“ہاں اور ڈاکٹر نے تمہیں پندرہ دن مکمّل آرام کا کہا ہے۔”وہ اسے پیار سے سمجھانے لگی۔
“کیا؟”اس کا چہرہ یکدم زرد پڑ گیا۔”مگر کیوں؟”
“فکر کی کوئی بات نہیں، بس تم نے آج بہت زیادہ سٹریس لیا ہے جس کی وجہ سے تھوڑا سا مسئلہ ہو گیا ہے لیکن تم مکمّل آرام کرو گی تو ان شاء اللہ سب ٹھیک رہے گا۔”
“مگر میں دُراب سے ملنا چاہتی ہوں۔”وہ روہانسی ہوئی۔
“ڈاکٹر نے کہا نا کہ ابھی اس سے کوئی بات نہیں ہوگی۔”
“ٹھیک ہے بات نہیں کروں گی، بس دور سے اسے دیکھ لوں گی۔”وہ باقاعدہ رونے لگی۔
“ٹھیک ہے آؤ۔”مہرین اسے ہاتھ سے پکڑ کر آہستہ آہستہ آئی سی یو کی طرف بڑھ گئی تھی۔
Teri Chahat Ki Dhanak by Hira Tahir Last Episode Online Reading

