“ناظرین آپ کو تازہ ترین خبر سے آگاہ کرتے چلیں۔ جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی میں مہلک وائرس کے تین کیسز سامنے آۓ ہیں۔ ذرائع کے مطابق دو مریض ایک ہی خاندان سے ہیں جبکہ ان میں سے ایک نے وہاں کے ورکر پر حملہ کیا ہے۔” وہ سب اپنی جگہ سن کھڑے رہ گئے۔”مزید جاننے کیلیے ہمارے نمائندے حرا نعمان سے بات کرتے ہیں۔ حرا اس وقت کیا صورتحال ہے؟ اور اس وائرس کے بارے میں کیا کہا جارہا ہے؟” ویڈیو کال ملتے ہی اینکر نے پوچھا۔”سر یہاں کی صورتحال پہلے سے زیادہ خراب ہوتی جارہی ہے۔ تین کے بجاۓ چار افراد اس وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔ ہمیں معلوم ہوا ہے کہ دو بھائی جن کا تعلق کراچی سے ہے، وہ اس وائرس کا شکار تھے اور پھر انہوں نے دو لوگوں پر حملہ کرنے کی کوشش کی ۔ اے ایس ایف کی طرف سے احتیاطی طور پر ان لوگوں کو کیرنٹائن کردیا گیا ہے۔” اینکر پرسن کی بات پر آغا بخش نے بے اختیار اپنے دل پر ہاتھ رکھا۔”ظہیر احمد میرا پوتا ہے وہاں پر۔ کچھ کرو! اس سے پہلے کہ مجھے کوئی بری خبر ملے، میرے پوتے کو واپس لاؤ ہر حال میں!” اپنے سینے پر ہاتھ رکھے اکھڑتی سانس کو استوار کرنے کی کوشش کرتے ہوئے بولے۔ جبکہ نیوز چینل پر مزید کہا جارہا تھا۔”حرا پہلے تو آپ لوگ کسی سیف زون میں جائیں اور پھر ہمیں باقی کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کریں۔”