Uncategorized

Ek Jot Jali Matwali Si by Saira Naz Episode 19 Online Reading


”جو پوچھا ہے وہ بتاؤ۔“ مواحد نے جیب سے ایک سائلنسر برآمد کرتے، اس پستول کی نال کے آگے لگا کر اس بار اس نے ان کے قدموں کے درمیان گولی چلا کر ان کے دل کے مقام پر اس سے ضرب لگائی تھی۔۔۔ حسیب ہمدانی کے ماتھے پر پسینے کی بوندیں چمکنے لگیں۔۔۔ رات کے اس پہر اس قدرے سنسان سڑک پر چلتی گاڑی میں صرف چاند کی ہی ہلکی ہلکی روشنی تھی۔۔۔ ایسے میں اگر اس کا نشانہ چوک جاتا تو؟ حسیب ہمدانی کے گلے میں ایک گلٹی ابھر کر معدوم ہوئی تھی۔۔۔۔ امین لغاری اور گاڑی چلاتا ڈرائیور اس وقت فقط خاموش تماشائی تھے۔
”ہم لوگ بس دد۔۔ دس منٹ میں وہاں پہنچ رہے ہیں۔“ ان کے کچھ کہنے سے پہلے ہی حسیب ہمدانی کا فون بج اٹھا تو مواحد نے ان کی قمیض کی اوپری جیب سے موبائل نکال کر رابطہ بحال کر کے ان کو موبائل پکڑایا اور پستول واپس ان کی پیشانی پہ رکھ دی تھی۔۔۔ وہ اسپیکر پہ بات کرتے دو منٹ میں آنے کا کہتے کہتے رک گئے کہ مواحد نے ان کے ہاتھ کی پشت پر ایک انگلی سے دس کا ہندسہ بنایا تھا۔۔۔ ان کے بولتے ہی وہ فون ان کے ہاتھ سے لے کر رابطہ منقطع کر گیا تھا۔۔۔ ڈرائیور نے اب گاڑی کی رفتار بہت کم کر دی تھی۔
”آگے ایک شوٹر اس گاڑی کے ٹائر ناکارہ کرے گا اور پھر اذہان کو مار کر اس کی گاڑی سمندر میں پھینک دی جائے گی۔“ مواحد کے دوبارہ استفسار پر وہ فر فر ساری سازش سے پردہ اٹھانے لگے تھے۔
”اور امین لغاری؟“ مواحد کا لہجہ بے تاثر تھا جب کہ آگے براجمان امین لغاری نے ضرور پیچھے مڑ کر انھیں بے یقینی سے دیکھا کہ کہیں نا کہیں انھیں یہ امید تھی کہ مواحد کی باتوں میں سچائی نہیں ہے۔
”انھیں تاوان کے لیے اغوا کر لیا جائے گا۔“ امین لغاری کی امیدوں کا بت پورے قد سے زمین بوس ہوا تھا۔
”آگے کتنے آدمی ہیں؟“ مواحد کی تفتیش ہنوز جاری تھی۔
”آگے کوئی آدمی نہیں ہے۔۔۔ یہ کام بھائی صاحب کے محافظین کرنے والے ہیں۔“ امین لغاری نے کرب سے آنکھیں موند کر کھولی تھیں۔۔۔ یہ وہ آخری چیز بھی نہیں تھی جس کی وہ توقع کر سکتے تھے۔۔۔ سچ کہتے ہیں لوگ کہ آستین کے سانپ کا دیا گیا دھوکہ حد سے سوا ہوتا ہے اور ان کی بھی بس ہوئی تھی۔۔۔ انھوں نے مٹھیاں بھینچ کر کھولتے خود کو پرسکون کرنا چاہا لیکن وہ ناکام ٹھہرے تھے۔
”آہ!“ مواحد کے ساری معلومات لینے کے بعد امین لغاری نے پلک جھپکتے میں اس کے ہاتھ سے پستول لے کر حسیب ہمدانی کے دل کے مقام پر گولی چلا دی تھی۔۔۔ مواحد انھیں کچھ کہتا، لیکن پھر وہ کچھ سوچ کر خاموش ہو گیا کہ لالچ کا انجام برا ہی ہوتا ہے۔۔۔ اس کی ہدایت پر اب ڈرائیور نے گاڑی کی رفتار تھوڑی بڑھا دی تھی۔۔۔ مواحد اپنی ٹیم کو پہلے ہی تیار رہنے کا کَہ چکا تھا سو اس کے رابطہ کرتے ہی وہ حرکت میں آئی اور اگلے دس پندرہ منٹ میں وہ لوگ ساری صورت حال پر قابو پا چکے تھے۔۔۔ منصوبے کے مطابق اذہان کی گاڑی کو سمندر کے سپرد کر دیا گیا تھا جس میں موجود حسیب ہمدانی کی لاش پہ اب اذہان کا ماسک چڑھا تھا۔۔۔ ان کی تحویل میں موجود محافظوں میں سے ایک نے متعلقہ شخص کو کام ہو جانے کی اطلاع دی تو حسب توقع انھیں کہیں روپوش ہو جانے کا عندیہ ملا تھا اور پھر مواحد کے ماتحت نے انھیں اس کی پہنچ سے دور ہی کر دیا تھا۔۔۔ امین لغاری کی ہدایت پر اس سارے معاملے کو ان کے محکمے کے ایک دو افسران کے علاوہ ہر کسی سے مخفی رکھا گیا تھا کہ طاقت و اختیارات کے معاملے میں وہ افلاک واسطی کے ہی ہم پلہ تھے۔
”بہت شکریہ بیٹا!“ سارے معاملات نپٹانے کے بعد وہ امین لغاری سے رخصت لینے پہنچا تو ان کے تشکر کو اس نے صرف سر ہلا کر قبول کیا تھا۔
”میں اب چلتا ہوں۔“ اسے اب جلد از جلد فاکہہ کے پاس پہنچنا تھا کہ اسے یہ جاننے کی بے چینی تھی کہ اس کا پیغام ملتے ہی اس کا کیا ردعمل رہا لیکن گھر پہنچنے پر جو اسے دیکھنے کو ملا، یہ اس کی توقع کے بالکل برعکس تھا۔۔۔ بیگم لغاری صرف اس کی درخواست پر فاکہہ کو لے کر اس کے گھر آئی تھیں ورنہ وہ افلاک واسطی کی بیٹی کے ساتھ کوئی رعایت نہ برتنا چاہتی تھیں۔۔۔ یہی وجہ تھی کہ اسے کھانا پہنچوانے کے بعد انھوں نے اس کی خیر خبر لیے بنا ہی اپنے گھر کی راہ لی تھی۔۔۔ انھیں اس وقت صرف اپنے بیٹے، شوہر اور بھائی کی فکر تھی۔۔۔ انھیں علم ہی نہ تھا کہ اصل میں یہ سارا کھیل رچا ہی ان کے بھائی نے ہی تھا۔۔۔ اب امین لغاری انھیں کیسے سنبھالتے، یہ اس کا دردِ سر نہیں تھا۔۔۔ اسے تو بس فاکہہ کی فکر تھی جو ہوش میں آنے کا نام ہی نہ لے رہی تھی۔۔۔ اسے اب بس وہ وجہ جاننی تھی جو فاکہہ کو اس حال میں لے آئی تھی۔
_______۔

Faryal Khan

About Author

Leave a comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

You may also like

Uncategorized

Howto Determine Gallbladder Disease

17 Symptoms of Gallbladder Disease Ordering an composition is speedy and straightforward. Thus, you’ll get an essay which is totally
Uncategorized

Yar Yaroon sy nah Hon Juda By Zainaib Khan

  Yar yaroon sy nah hn juda by Zainaib khan season 2 Episode(1_19)   . is a Classic, Urdu, Romantic,