”یار فاطمہ، بات کرو نا دادی سے!“ ماریہ بےچینی سے کمرے میں چکر کاٹ رہی تھی۔فاطمہ کمال بیڈ پر بیٹھی تھی، اس کے چہرے پر تھکن اور تلخی کے گہرے رنگ تھے۔
”ہاں، جیسے میں تو ان کی لاڈلی پوتی ہوں!“ فاطمہ نے ہنستے ہوئے تلخی کا اظہار کیا، ہنسی جو کسی پرانے زخم کے ٹیس کی طرح محسوس ہوئی۔”جتنی نفرت وہ مجھ سے کرتی ہیں، تمہیں کیا لگتا ہے کہ وہ مان جائیں گی؟“۔
ماریہ کی اداس آنکھوں کو دیکھ کر وہ تھوڑا نرم پڑ گئی۔
”یار، مجھے بھی یونیورسٹی سے ماسٹرز کرنا ہے“۔ ماریہ اس کے سامنے بیڈ پر بیٹھ گئی۔
فاطمہ نے ایک لمحہ خاموش رہ کر گہری سانس لی، جیسے اپنے الفاظ تول رہی ہو۔”ماریہ ابراہیم، ہر انسان کو اپنی جنگ خود لڑنی پڑتی ہے۔اپنے لیے آواز خود اٹھاؤ۔ میں تمہارے ساتھ ہوں، لیکن یہ قدم تمہیں ہی اٹھانا ہوگا“۔
”یار، کیسی کزن ہو تم؟“ماریہ نے منہ بسورتے ہوئے پاؤں لٹکائے، بیڈ پر لیٹ گئی، وہ ایک تھکے ہارے مسافر کی مانند تھی جو منزل سے پہلے ہی ہمت ہار جائے۔
”ماریہ…“فاطمہ نے اسے سنجیدگی سے دیکھا، اس کی آواز میں تھکن اور درد کی لہریں تھیں۔”میں ضرور تمہارے لیے خود اجازت لینے جاتی، لیکن میری بھی تو مجبوریاں ہیں۔ صرف دادی ہی نہیں، چاچو، پھوپھی، اور تایا، سب میرے خلاف ہیں۔ میں تمہارے لیے کس سے بات کروں؟ اور تمہیں پتہ ہے، پہلا جملہ مجھے کیا سننے کو ملے گا؟اب میں اس خاندان کے باقی بچوں کو بگاڑ رہی ہوں“۔۔
اس کے الفاظ میں ایسا درد تھا جیسے کوئی طویل سفر کے زخموں کو چھپا رہا تھا۔۔
”فاطمہ، یہ ہم پر اعتبار کیوں نہیں کرتے؟“ماریہ نے خالی نگاہوں سے اسے دیکھا۔
فاطمہ نے ایک لمحے کے لیے آنکھیں بند کیں، ایک طویل سانس لی، جیسے کسی بھاری بوجھ کو اٹھانے کی کوشش کر رہی تھی۔ “اعتبار؟ اعتبار تو وہ ہوتا ہے جو کسی آئینے کی طرح نازک ہو۔ ایک دفعہ چٹخ جائے تو جوڑنے کی لاکھ کوشش کرو، دراڑیں باقی رہ جاتی ہیں۔“
ماریہ نے کچھ کہنے کی کوشش کی، لیکن فاطمہ کے الفاظ نے کمرے کو خاموشی کے دلدل میں دھکیل دیا۔ یہ خاموشی وہ تھی جو باتوں سے زیادہ گونجدار تھی، جو دل کے اندر کی کہانی سناتی تھی۔
فاطمہ کمال کی نظریں سائیڈ ٹیبل پر رکھے ہوئے بابا اور دادا جان کی تصویر پر ٹھر گئی۔اس کے دادا اعلیٰ تعلیم یافتہ اور ایک نامور بزنس مین تھے۔بابا نے بھی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کئی ممالک میں اپنا کاروبار کامیابی سے پھیلایا لیا تھا۔لیکن دادی سکینہ؟وہ آج بھی پرانے نظریات اور روایات پر ڈٹی ہوئی تھیں۔پرانی سوچوں کی زنجیروں میں قید۔وقت بدل گیا،سب کچھ بدل گیا،مگر دادی کی سوچیں وہی ٹھر گئیں۔اسے کبھی سمجھ نہ آیا کہ دادی کا دل کیوں ان پرانی روایات سے جڑا رہا؟
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ