دوسرے دن کا آغاز۔سورج کی نرم کرنیں آسمان کے کینوس پر سنہری رنگ بکھیر رہی تھیں۔ پرندے اپنے آشیانوں سے اڑان بھر چکے تھے، اور ہر طرف زندگی کی گہما گہمی شروع ہوچکی تھی۔ شیشے کی کھڑکی کے پار باغ کے مناظر جاذبِ نظر تھے، جہاں دھندلے موسم میں سبز پتوں پر شبنم کے قطرے موتیوں کی طرح چمک رہے تھے۔
اسٹڈی روم کے اندر، ایک گھڑی کی ٹک ٹک خاموشی کو چیر رہی تھی۔ دیوار پر آویزاں کتابوں کی قطاریں اور میز پر بکھری فائلیں کسی طویل جدوجہد کی کہانی سناتی تھیں۔ وہ اسٹڈی روم کی کرسی پر بیٹھے تھے، ان کے ہاتھ میں ایک فائل تھی، جس پر ان کی نظریں جمی تھیں۔
”سر، آپ کے لیے پیغام آیا ہے۔“ ایک ملازم نے دروازہ کھولتے ہی اطلاع دی۔
وہ فائل کو میز پر رکھتے ہوئے دھیرے سے مسکرائے۔ ”ہاں، تو دو نا! میں کب سے انتظار کر رہا ہوں۔“ ان کے چہرے پر ایک عجیب اطمینان تھا۔
ملازم نے اپنے ہاتھ میں موجود کاغذ کے ٹکڑے کو دیکھا، لیکن اس کے چہرے پر ایک عجیب سی بےچینی ابھر آئی۔ ”سر، وہ پیغام۔۔۔“ اس نے جملہ ادھورا چھوڑ دیا۔
”یہ کیا؟ حمید صاحب نے پرچی کے ذریعے پیغام بھیجا ہے؟“ انہوں نے ہنستے ہوئے اس کے ہاتھ سے پرچی لی اور بند کاغذ کو انگوٹھے اور شہادت کی انگلی کی مدد سے کھولا۔
لیکن جیسے ہی اندر لکھی تحریر پر نظر پڑی، ان کی مسکراہٹ ہوا میں تحلیل ہوگئی۔ ان کی آنکھوں میں ایک سایہ چھا گیا، جو کسی خطرے کے گہرے احساس کو ظاہر کرتا تھا۔ کاغذ پر درج تھا۔
”جو مجھ سے ملنے کی خواہش کرتا ہے، پھر وہ زندہ نہیں رہتا۔“
اس تحریر کے نیچے جلے ہوئے انگریزی حروف میں واضح طور پر لکھا تھا “Y” اور “D”۔
انہوں نے پرچی کو غور سے دیکھا۔ ”فرمان پکڑا گیا؟“ ان کے لبوں سے سرسراتی ہوئی آواز نکلی۔
”سر، اسے بے دردی سے قتل کر دیا گیا ہے“۔ملازم نے جھجھکتے ہوئے اطلاع دی۔
انہوں نے ایک گہری سانس لی، اور ان کی مٹھیاں بھینچ گئیں۔ ”وائے ڈی۔۔۔“ وہ زیرِ لب بڑبڑائے، اور کرسی کی پشت سے ٹیک ہٹا کر سیدھے بیٹھ گئے۔ ان کی آنکھوں میں اب غصے کی چمک تھی۔
”فاخر، حمید، اور زوہیب، تینوں کو فوری طور پر میٹنگ کے لیے پیغام بھیجو۔“ ان کی آواز میں حکم تھا، جس میں ذرا بھی تذبذب نہ تھا۔ ”ہمیں اگلا لائحہ عمل جلد از جلد تیار کرنا ہوگا۔“
انہوں نے اپنے انگوٹھے سے پیشانی کو مسلا، ان کے چہرے پر بےچینی کی جھلک تھی۔ اسٹڈی روم کی فضا بوجھل ہوچکی تھی،باہر پرندوں کی چہچہاہٹ بھی اب خوفزدہ خاموشی میں دب گئی تھی۔
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ