کمرے میں داخل ہوتے ہی وہ شاور لینے چلا گیا۔ کچھ وقت بعد وہ تولیہ سے بال خشک کرتا ہوا باہر آیا۔ ڈریسنگ ٹیبل پر رکھا موبائل فون بجنے لگا،اس نے نام دیکھتے ہی فوراً کال ریسیو کی۔
”السلام علیکم، سر!“۔اس کی آواز میں ادب تھا۔
”وعلیکم السلام، تو کب پہنچا رہے ہو اسمگلنگ کا مال؟“۔۔
”سر، پانچ منٹ بعد دروازے پر پہنچ جائیے“۔اس نے آئینے میں خود کو دیکھتے ہوئے جواب دیا۔ گندمی رنگت، ہلکی داڑھی، بھوری گہری آنکھیں، اور چہرے پر بننے والا دلکش گڑھا۔
”سروس بہت فاسٹ ہے!“دوسری جانب سے قہقہ گونجا، شاید سامان پہنچ چکا تھا۔
”آپ یونہی مجھے انڈر اسٹیمیٹ کرتے ہیں“۔ اس کے لب خفیف سے انداز میں پھیلے،بازیگر کو اپنی چال پر یقین تھا۔
”انڈر اسٹیمیٹ نہیں، یاد دہانی کرواتا ہوں، تاکہ تم اپنا ہر کام احتیاط سے کرو“۔دوسری جانب سے آواز میں شفقت بھی تھی اور تنبیہ بھی۔اسے اس فیلڈ میں لانے والے وہی تھے۔
”جانتا ہوں“۔وہ برش اٹھا کر اپنے بالوں میں پھیرنے لگا۔
”اگلا ٹاسک کب مکمل کر رہے ہو؟“۔
”وقت لگے گا۔ یہ کام ذرا پیچیدہ ہے۔سوچ سمجھ کر قدم اٹھانا ہوگا، دشمن تاک میں ہیں“۔اس کی آواز سنجیدگی سے بھری ہوئی تھی۔اس نے وہاں رکھا ایک ماسک اٹھایا اور اسے چہرے پر فکس کیا۔آئینے میں وہ ایک مختلف شخص نظر آ رہا تھا۔
”چلو، بیسٹ آف لک“۔
”اس بار بھی جیت ہماری ہوگی، کیونکہ ایسا کوئی ٹاسک نہیں جو فاز عالم مکمل نہ کر سکے“۔اس کے چہرے پر ابھرنے والی مسکراہٹ صرف اس کے ہونٹوں تک محدود نہیں تھی بلکہ اس کی آنکھوں میں بھی چمک رہی تھی۔ اس لمحے میں وہ کسی پینٹنگ کا شاہکار لگ رہا تھا، جو دیکھنے والے کو مبہوت کر دے۔ اور وہی مسکراہٹ، جو شاذ و نادر ہی اس کے چہرے پر آتی تھی۔
یونیورسٹی کے لان میں خزاں کا موسم اپنی آخری سانسیں لے رہا تھا۔سوکھتے پتوں کی سرسراہٹ ہوا کے ساتھ مل کر عجب سُر پیدا کر رہی تھی۔ دھوپ مدھم پڑ رہی تھی۔ فاطمہ اپنی کتابیں سمیٹ کر لان کے کنارے بیٹھے پیڑوں کو دیکھ رہی تھی،جن کے خشک پتے ہوا کے جھونکوں کے ساتھ گر رہے تھے۔اس کے چہرے پر تھکن نمایاں تھی،یوں لگتا تھا اندرونی بوجھ اور باہر کے سکون کے درمیان ایک جنگ چل رہی ہو۔
تبھی موبائل کی بیل نے اس سکون کو توڑ دیا۔ اسکرین پر “بابا” کا نام دیکھ کر اس کے ہونٹوں پر ہلکی سی مسکراہٹ آئی،جو فوراً دھندلا گئی۔اس نے فوراً سے کال ریسیو کی۔
”فاطمہ! کیا آپ نے اپنی پھوپھی سے بدتمیزی کی ہے؟“۔
بابا کی سنجیدہ آواز نے اس کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔
چند لمحے کے لیے وہ خاموش رہی۔
”بابا، آپ کو کیا لگتا ہے؟“۔پھر تلخ مسکراہٹ لیے پوچھنے لگی۔
”بیٹا، آپ اپنی پھوپھی کے مزاج سے واقف ہیں،پھر انہیں جواب کیوں دیتی ہیں؟“۔آج بھی وہ اسے ہی سمجھا رہے تھے۔فاطمہ نے آنکھیں موند لیں۔اردگرد کا شور،ہوا کی سرسراہٹ،سب مدھم پڑگیا۔
”بابا،آپ کے کہنے پر ہمیشہ خاموش رہتی ہوں، لیکن آج انہوں نے میرے کردار پر بات کی تھی… اور یہ میں برداشت نہیں کر سکتی“۔اس کا لہجہ کانپ رہا تھا،ضبط کا آخری بند بھی ٹوٹنے والا تھا۔
”چاہے وہ کچھ بھی کہیں، لیکن آپ انہیں جواب نہیں دینگی۔ یہ بات ہمیشہ یاد رکھیں!“۔بابا کا انداز تنبیہہ کرتا تھا۔
”بابا، وہ کچھ بھی کہیں،میں برداشت کر لوں گی،لیکن اگر بات میرے کردار پر ہوئی،تو پھر مجھ سے خاموش رہنے کی امید مت رکھیے گا“۔وہ زخمی ہوتے دل کے ساتھ بولی۔
”آپ کی دادی ٹھیک کہہ رہی ہیں۔آپ واقعی بہت بدزبان ہو گئی ہیں“۔اس جملے نے اس کے دل پر خنجر چلایا۔اس کے لب کپکپائے،اور آنکھیں ڈبڈبا گئیں۔
”آپ دوسرے شہر میں بیٹھے ہیں، لیکن ہر بات آپ تک کتنی جلدی پہنچ جاتی ہے۔آپ کو اندازہ بھی ہے؟ کتنی امید سے میں نے آپ کی کال اٹھائی تھی کہ دو دن بعد ہماری بات ہوگی میں آپ کا حال پوچھوں گی، آپ میرا حال پوچھیں گے… لیکن آپ…“۔۔آواز بھیگ گئی۔ آنسو رخسار پر گرے،اور مخروطی انگلیاں موبائل کو مضبوطی سے تھامے ہوئے لرزنے لگیں۔
”فاطمہ، آپ بات کو غلط رخ دے رہی ہیں“۔بابا کی آواز میں نرمی آ گئی۔لیکن فاطمہ اب ضبط نہ کر پائی۔
”نہیں، بابا… میں ٹھیک کہہ رہی ہوں۔ مجھے بھی ممی کے ساتھ مر جانا چاہیے تھا“۔۔الفاظ درد کی شدت کے ساتھ نکلے اور اس کے ساتھ ہی اس نے کال کاٹ دی۔یونیورسٹی کے چہل پہل میں وہ بے آواز سسکنے لگی۔اسے دیکھ کر کوئی رکا۔نیلی آنکھوں کے کنارے پر ٹھرے پانی اسے کچھ لمحے کے لیے ساکت کرگئے۔سمندر ہو اور اسے ڈبونا چاہتے ہوں۔اگلے لمحے وہ سر جھٹکتا آگے بڑھ گیا۔فاطمہ نے اپنی چیزیں اٹھائیں اور پارکنگ کی طرف بڑھ گئی۔حنا کو مسیج کے ذریعے منع کرتی ہوئی آخری کلاس چھوڑ کر کیب کے ذریعے فارم ہاؤس آگئی۔ہوا کی ہلکی خنکی نے اس کے چہرے کو چھوا، لیکن اس کے اندر کی گرمی کم نہ ہوئی۔اس کے کندھوں پر بکھرے کرل بال ہوا کے جھونکوں کے ساتھ ہل رہے تھے، اور گلابی رنگ کا بو اس کی اداسی کے باوجود دلکشی میں اضافہ کر رہا تھا۔
”السلام علیکم، فاطمہ بیٹا!“۔خان بابا نے اسے دیکھتے ہی اپنی کرسی چھوڑ دی۔
”وعلیکم السلام، خان بابا۔ برک کہاں ہے؟“.اس نے بمشکل اپنے لہجے کو نارمل رکھا۔خان بابا نے اس کی گیلی آنکھوں کو دیکھا،ہمیشہ کی طرح وہ افسردہ ہوگئے۔
”بیٹا، وہ اصطبل میں ہے“۔فاطمہ سر ہلاتی تیز قدموں سے اصطبل کی طرف بڑھ گئی۔برک اسے دیکھتے ہی خوشی سے ہنہنایا اور آگے بڑھ کر اس کے قریب آ گیا۔اس کے بڑے، بھورے آنکھوں میں انس کی جھلک تھی۔
”برک، کیا تمہیں بھی لگتا ہے کہ میں بدتمیز ہوں؟“۔وہ اس کے قریب جھکتی اپنے نرم ہاتھوں سے برک کے ماتھے کو سہلاتی افسانوی شہزادی معلوم ہوتی تھی۔
”بابا کو ہمیشہ میرا جواب دینا نظر آتا ہے۔انہیں کیوں نہیں دکھائی دیتا کہ دادی اور پھوپھی میرے ساتھ کیا کرتی ہیں؟“۔آنسو اس کی نیلی آنکھوں سے لڑھک گئے۔
”دادی مجھ سے اتنی نفرت کیوں کرتی ہیں؟ وہ مجھ سے محبت کیوں نہیں کر سکتیں؟۔۔۔کیا تم بھی مجھے پسند نہیں کرتے؟“۔اچانک ہی بہت سا خوف آنکھوں میں لیے اسے دیکھی۔برک نے فوراً اپنی تھوتھنی اس کے کندھے سے لگاتے ہوئے پیار جتایا۔
”اچھا، اچھا… سمجھ گئی، تم ہی تو ہو جو اس دنیا میں مجھ سے بے لوث محبت کرتے ہو“۔وہ روتے روتے ہنس دی۔وہ اب نرمی سے اس کے ماتھے پر لب رکھ رہی تھی۔
شاہد عباسی کی صبح دوپہر کے ایک بجے ہوئی تھی۔ وہ ناشتے کی غرض سے ڈائننگ ٹیبل پر آ کر بیٹھ گئے۔ فائزہ عباسی نے ملازمہ کو ناشتہ لگانے کا کہا۔
ناشتہ ٹیبل پر لگتے ہی وہ جانے لگیں۔ ناشتہ ہمیشہ وہی سرو کرتی تھیں، مگر آج انہوں نے ایسا نہیں کیا۔
“فائزہ، طبیعت ٹھیک ہے؟” شاہد عباسی نے اچنبھے سے پوچھا۔ ان کی آواز پر وہ رک گئیں۔ پلٹیں، اور پھر چلتی ہوئی ان کے پاس آ گئیں۔
“کیا مجھے ٹھیک ہونا چاہیے؟” انہوں نے عجیب سے انداز میں سوال کیا۔
“تمہاری طبیعت ٹھیک نہیں لگ رہی۔ ڈاکٹر کو بلوا لیتے ہیں” ۔ان کے عجیب رویے پر وہ فکر مند ہوئے۔
“فری زبیر کون ہے؟” ان کا لہجہ چبھتا ہوا تھا۔
“ماڈل ہے اور کون؟” وہ اس بے تکے سوال کا مقصد سمجھ نہیں سکے۔
“آپ کی کون ہے وہ؟” ان کی آواز بلند ہوئی۔ شاہد عباسی کو معاملے کی سنگینی کا احساس ہوا۔ انہوں نے کانٹا پلیٹ میں رکھا اور سر اٹھا کر سامنے کھڑے ملازمین کو سخت نظروں سے دیکھا۔ ان کی آنکھوں کا مفہوم سمجھتے ہی ملازمین فوراً غائب ہو گئے۔
“فائزہ، یہاں بیٹھیں”۔ انہوں نے ان کا ہاتھ پکڑ کر کرسی پر بٹھانے کی کوشش کی، مگر وہ جھٹکے سے ہاتھ چھڑا گئیں۔
“آپ میرے سوال کا جواب دیں!”
“فائزہ، یہاں بیٹھیں اور پوری بات بتائیں۔ فری زبیر کو میں صرف بطور ماڈل جانتا ہوں”۔اس بار انہوں نے سنجیدگی سے کہا۔
فائزہ نے بیٹھتے ہوئے ان کے سامنے ایک لفافہ پھینکا جس میں سے تصویر کا ایک سرا باہر نکلا ہوا تھا۔ شاہد عباسی نے ناسمجھی سے تصویر نکالی، مگر نظر پڑتے ہی ان کا چہرہ طیش سے سرخ ہو گیا، اور انہوں نے مٹھیاں بھینچ لیں۔
“آپ ان تصویروں کو وجہ بنا کر مجھ سے سوال کر رہی ہیں؟” ان کا لہجہ یکدم سرد ہو گیا۔
“تو کیا یہ وجہ کم ہے، شاہد صاحب؟” غصے سے وہ چیخ پڑیں۔
“رکیں، آپ ابھی!” انہوں نے سخت نظروں سے دیکھتے ہوئے ملازمہ کو آواز دی۔
“جی صاحب!”
“ارمان عباسی کو بلا کر لائیں”. ان کے حکم پر ملازمہ فوراً سر ہلاتے ہوئے باہر نکل گئی۔ فائزہ عباسی ارمان کو بلانے پر کشمکش کا شکار ہو گئیں۔
“جی، ڈیڈ، آپ نے بلایا؟” پیشانی پر بکھرے بالوں کے ساتھ آنکھیں مسلتے ہوئے ارمان ان کے سامنے آ کھڑا ہوا، جیسے ابھی ابھی نیند سے جاگا ہو۔
“فری زبیر سے میری کتنی دیر ملاقات ہوئی تھی؟” انہوں نے بیٹے کو دیکھ کر سوال کیا۔
“دس منٹ”۔اس نے ممی اور ڈیڈی کے تاثرات کو فکرمندی سے دیکھا۔ شاہد عباسی نے ایک جتاتی نظر فائزہ عباسی پر ڈالی۔
“ہمارے درمیان کیا بات ہوئی تھی؟” انہوں نے دوبارہ سوال کیا۔
“بس فارمل سی باتیں تھیں”۔ارمان اب بھی ان سوالات کے مقصد کو سمجھ نہیں پایا۔ فائزہ عباسی بیٹے کے جوابات پر گہری سانس لے کر رہ گئیں۔
“کیا تم میرے ساتھ پارٹی میں تھے؟ اور کیا ہماری واپسی ایک ساتھ ہوئی تھی؟” ایک اور سوال۔
“جی، ایسا ہی ہے”۔ارمان نے ماں سے اشارے میں معاملہ پوچھنے کی کوشش کی، مگر وہ نظریں چرا گئیں۔
“جاؤ، تم جا سکتے ہو”۔شاہد صاحب کے کہنے پر وہ جانے لگا۔ تبھی اس کی نظریں تصویروں پر پڑ گئیں، اور وہ معاملہ فوراً سمجھ گیا۔
“آپ کو مجھ سے سوال کرنے سے پہلے ان تصویروں کو غور سے دیکھ لینا چاہیے تھا۔ یہ ساری تصاویر فوٹو شاپ کی گئی ہیں”۔ سخت انداز میں کہتے ہوئے وہ بغیر ناشتہ کیے ہی اٹھ کھڑے ہوئے۔
“شاہد، وہ بات…”
“اب ہماری بات بعد میں ہوگی”۔انہوں نے اسے ٹوکتے ہوئے اپنی اسٹڈی کی طرف قدم بڑھایا۔ غصے سے اسٹڈی کا دروازہ بند کیا اور میز پر رکھا بیش قیمت گلدان فرش پر دے مارا۔
“یہ تو گلے تک آ رہا ہے۔ فیملی تک پہنچ کر اچھا نہیں کر رہے، وائے ڈی!” غصے میں بھرے وہ گلدان کے ٹکڑوں کو دیکھ رہے تھے۔ پھر موبائل نکال کر ایک نمبر ڈائل کیا۔ طویل انتظار کے بعد کال ریسیو کی گئی۔
“اوہ، آج تو بڑے بڑے لوگ کال کر رہے ہیں”۔اسپیکر سے طنزیہ آواز گونجی۔
“وائے ڈی، تم فیملی تک پہنچ کر اچھا نہیں کر رہے”۔ غصے سے وہ اس پر چلائے۔
“آں ہاں، شاہد عباسی، غصہ نہیں۔ خمیازہ بھگتنا پڑ سکتا ہے۔ اور جس بارے میں تم بات کر رہے ہو، اس سے میرا کوئی تعلق نہیں”۔اس نے سرد آواز میں وارننگ دی۔
“یہ کام تمہارے علاوہ کسی اور کا نہیں ہو سکتا،” جوتے کی نوک سے گلدان کا ٹکڑا پرے پھینکا۔
“ایسے فلاپ پلان میرے نہیں ہوتے۔ میں جو کرتا ہوں، پکے ثبوتوں کے ساتھ کرتا ہوں۔ آستین میں سانپ تم نے خود پالے ہیں، اور سوال مجھ سے کر رہے ہو،” آخر میں اس کا لہجہ پراسرار ہو گیا۔
“تم نے تصویریں نہیں بھیجیں، تو پھر کون بھیج رہا ہے؟ اگر اتنے ہی سورما ہو، تو ایسے جھوٹے کھیل کیوں کھیل رہے؟” ان کی آواز غصے سے بھر گئی۔
“ہمم شاید تم نے میری بات غور سے نہیں سنی۔ ایسے فلاپ پلان میرے نہیں ہوتے۔ اگر یہ کام میرا ہوتا تو آج تم خود کو بے گناہ ثابت نہیں کر سکتے تھے۔ اور میں جو کرتا ہوں، ڈنکے کی چوٹ پر کرتا ہوں۔ میرا لوگو اس بات کا گواہ ہے”۔اس نے کرخت لہجے میں کہتے ہوئے کال کاٹ دی۔
شاہد عباسی نے تصویریں اٹھائیں۔ کہیں بھی کچھ بھی نہیں لکھا تھا۔ آج تک وائے ڈی کے جتنے بھی کام تھے، ان میں انگریزی کے دو حروف ضرور موجود ہوتے تھے۔
“اگر وائے ڈی نہیں، تو پھر کون بن گیا ہے میرا دشمن؟” ان کے چہرے پر فکر کی پرچھائیاں تھیں۔
جاری ہے