“میں ایسے انسان سے شادی کرنا چاہتی ہوں جو مجھ پر اپنی مرضی تھوپنے کی بجائے میرے فیصلوں کا احترام کرے۔” سب سے پہلے ہانیہ نے اپنا پہلو سامنے رکھا۔
”میری اس بارے ميں کوئی ختمی رائے نہیں ہے۔ مگر میرے خیال میں شادی ایسے انسان سے کرنی چاہیے جو ہر چیز میں اعتدال سے کام لے۔” نمرہ کے دیکھنے پر مریم نے سادگی سے جواب دیا۔
“اور میں چاہتی ہوں کہ ایسے انسان سے شادی کروں جو مجھ سے عمر میں کافی بڑا ہو۔ سنجیدہ اور اکھڑ مزاج بھی ہو۔ ایک اچھا طرز زندگی رکھتا ہو۔ اوراس کی شخصیت ایسی ہو کہ چار لوگ میری قسمت پر رشک کریں۔” زینب نے بند آنکھوں سے تصور کرتے ہوئے کہا۔
“اوہ بی بی۔ خوابوں کی دنیا سے باہر آؤ۔ یہاں تمہارے ناولز کی تخیلاتی دنیا کی بات نہیں ہورہی۔ یہ حقیقی دنیا ہے۔ اس دنیا میں تمہیں پھپھو کا بشیر یا مامے کا شفیق ہی ملنا ہے۔” نمرہ نے اسے آڑے ہاتھوں لے کر حقیقت میں پٹخنے کی ناکام کوشش کی۔
“ہاں تو کیا ہوا۔ ڈھونڈنے سے تو خدا بھی مل جاتا ہے۔ یہ تو پھر ایک انسان ہے۔ مجھے بھی مل ہی جائے گا۔” زینب نے لاپرواہی سے شانے اچکائے۔
“ہاں بالکل۔ تمہارے اباجی کی فیکٹری ہے نا۔ تو وہیں سے آرڈر پر تیار کروا لینا۔ کیونکہ ایسا انسان اس دنیا میں تو ملنے سے رہا۔” نمرہ کے ٹکڑا لگانے پر ہانیہ اور مریم بہت محفوظ ہوئیں۔ جبکہ زینب کو تو گویا آگ ہی لگ گئی۔
“تم ذرا مجھ سے بچ کر ہی رہو نمرہ بی بی۔” وہ نمرہ کی جانب مارنے کو لپکی مگر مریم اور ہانیہ نے اسے قابو کرکے پرسکون کیا۔ اس کے بعد چاروں ایک نئے موضوع کی جانب متوجہ ہوگئیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جاری ہے