نکاح کے ہنگاموں کے بعد احمد ولا میں اب زندگی معمول پر آگئی تھی۔تقریب میں شرکت کیلیے آئے چند روزہ مسافر اپنی اپنی منزلوں کو کوچ کر گئے تھے اور گھر کے مکین اپنی روزمرہ کی سرگرمیوں میں مشغول ہو گئے تھے۔سرگرمیاں وہی تھیں جو کسی بھی عام گھرانے کی ہو سکتی تھیں۔احمد صاحب کاروباری شخصیت تھے،طارق روڈ پر کئی دکانیں ان کی ملکیت تھیں تبھی گھر میں خوشحالی تھی۔ان کا بنگلہ نما گھر بھی شہر کے پوش علاقے میں واقع تھا۔
احمد صاحب کی بیگم سنعیہ گھریلو خاتون تھیں اور ان کا زیادہ تر وقت گھر اور بچوں میں ہی صرف ہوتا تھا۔گھر میں ملازمین بھی موجود تھے مگر کچن کی ذمہ داری انہوں نے اپنے ہاتھ میں رکھی ہوئی تھی اور ان کے ہاتھ کے ذائقے خاندان بھر میں مشہور تھے پھر تھیں سبین جنہوں نے حال ہی میں بی بی اے کر کے فراغت پائی تھی کہ ان کے گھر والوں نے ان کا ہاتھ سِنان کے ہاتھوں میں تھما دیا اور خود ان کی جانب سے بےفکر ہو گئے۔اس کے بعد تھے گھر کے سب سے چھوٹے فرد،احمد صاحب کے اکلوتے سپوت سولہ سالہ احمر علی جن کا ابھی نیا نیا کالج میں داخلہ ہوا تھا۔
یہ تھا چار نفوس پر مشتمل ایک خوبصورت گھرانہ جو اپنے مکینوں کی پُر امن اور درخشاں زندگی کا ضامن تھا۔یہاں سبھی کی زندگیوں کی مختلف مصروفیات تھیں اور وہ لوگ انہیں معمولات کی جانب لوٹ چکے تھے۔احمد صاحب کاروبار کی طرف،سنعیہ بیگم پکوان پکانے کی سمت،سبین اپنی نئی زندگی کی بہاروں کی جانب اور احمر۔۔۔احمر ایک ان دیکھے خطرے کی جانب جس سے باقی تمام افرادِ خانہ انجان تھے۔
***