کچھ لمحے گزرے تھے کہ ولید کے ساتھ قریبی مسجد کے امام صاحب آتے دکھائی دئیے۔ عارب جو ٹیک لگا کر بیٹھا تھا انہیں آتا ہوا دیکھ کر ایک پل کو دل کسی نے مٹھی میں لیا تھا۔ کہہ لینے، اور عملاً کرنے میں بڑا فرق ہوتا ہے۔ وہ جو زبان سے ادا کرچکا تھا اب عمل کرنے کی باری آئی تو بے اختیار دل ڈگمگایا تھا۔ کسی کی فیروزی آنکھوں کی جھلک تخیل میں ابھری تھی۔۔۔۔اور عارب سیال خالی دل و دماغ رہ گیا۔ صرف ایک لمحے نے اسکا دل کو خالی ویران کھنڈر بنادیا تھا۔۔۔۔۔
نمیر سیال اٹھ کھڑے ہوۓ ۔ عارب بھی غائب دماغی سے اٹھ کھڑا ہوا تھا۔ ہر چیز اسکے لیے ساکت و جامد ہوکر رہ گئی تھی۔ گھر والوں کی بے حسی ایسی تھی کہ وہ کچھ بھی نہ کہہ سکا۔ خاموش، گہرے سمندر کی طرح چپ سا رہ گیا تھا۔ اسکے اندر کیا طوفان تھے وہ کسی کو دکھا نہیں سکتا تھا۔ اسکے تصور میں کبھی جینیفر کا چہرہ ابھرتا، اسکی ہنسی دل کو جکڑتی تو کبھی سکینہ کا رونا، اسکا ہارنا اسے لرزا رہا تھا۔۔۔۔اس پتھر دل لڑکی کو توڑا گیا تھا۔ بڑی بے رحمی سے اسے چور کردیا گیا تھا۔ وہ کبھی نہ ہارنے والی، اگر اپنے دل کی کسی سے کرتی تھی تو عارب سیال سے۔ آج وہ بھی اسے چھوڑ دیتا تو؟۔۔۔۔ اس سوال کے آگے ساری تاویلیں دھری کی دھری رہ گئی تھیں۔ اپنی محبت پر گیو اپ کرنا آسان تھا، لیکن اپنی عزت پر گیو اپ کرنا آسان نہیں تھا۔ سکینہ سیال اسکی عزت تھی، اور اسکی وجہ سے بے عزت ہورہی تھی۔ اسکی غیرت نے یہ گوارا نہ کیا تھا کہ کوئی احتجاج کرتا۔۔۔۔