Classic Web specials All Episodes

Dil o Janam Fida E Tu By Aniqa Ana Episode 67

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

” کیا ہوا؟ “اس کی پیشانی پر چمکتے پسینے کے قطرے اور چہرے پر پھیلا اضطراب عبدالمعید کو پریشان کر گیا تھا۔ اس نے اپنی نشست سے اٹھ کر لہیم جاہ کو جھنجھوڑا تھا۔” ہاں! کچھ بھی نہیں ہوا۔“ وہ چہرے پر ہاتھ پھیرتا، خود کو پرسکون ظاہر کرتا ہوا بولا تھا۔” میں نے ماضی کا حوالہ دیا تھا یہ نہیں کہا تھا کہ ماضی کے دریا میں غوطہ زن ہو جاؤ۔ “وہ اسے تیکھے لہجے میں ڈپٹ کر بولا تھا۔” میں دیکھ رہا تھا کہ میں نے اس محبت کی قدر کیوں نہیں کی؟ “اب وہ بالوں میں انگلیاں پھیر رہا تھا اور نظریں سکرین پر جمی تھیں جہاں تابعہ عماد سے لپٹی روئے چلی جا رہی تھی۔ شاید اسے اتنے دنوں کی تکلیف و اذیت کو باہر نکالنے کا موقع ہی اب ملا تھا۔ وڈیو کی آواز کچھ دیر پہلے ہی عبدالمعید نے دانستہ بند کی تھی۔” تو کیا پتا چلا؟“ اس نے پانی کا گلاس بھرتے ہوئے اشتیاق سے دریافت کیا تھا۔” ہم مردوں کو راجعہ کرمانی جیسی نڈر، پر اعتماد اور آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے والی لڑکیاں پسند نہیں آتیں عبدالمعید! پسند تو آ جاتی ہیں لیکن ہمیں ان سے محبت نہیں ہوتی۔ کیوں کہ ہمیں ڈر رہتا ہے کہ ان لڑکیوں کی حاوی ہو جانے والی شخصیت ہم جیسے انا پرست مردوں کی انا کو گہری چوٹ پہنچا کر ہماری شخصیت کو پس منظر میں ڈال سکتی ہے۔“ پانی پیتے ہوئے عبدالمعید نے گہری نظروں سے اسے دیکھا تھا اور بس دیکھے ہی گیا تھا۔ اس کی نظروں کا ارتکاز خود پہ محسوس کرتے ہوئے بھی لہیم جاہ نے اس سے آنکھ نہیں ملائی تھی۔ بس بولتا رہا تھا۔ نگاہیں اب بھی تابعہ کے آنسوؤں سے لبریز چہرے پر کچھ کھوج رہی تھیں۔” ہمیں ڈر ان لڑکیوں کی منھ زور محبت سے نہیں بلکہ ان کی بے خوفی اور اعتماد سے لگتا ہے۔ ایسی منھ زور محبت جو آپ کی چٹان جیسی مضبوط ہستی کو خس و خاشاک کی طرح بہا لے جانے کی خاصیت رکھتی ہو، مجھ جیسے مرد جن کے پاس سوائے اس ہستی کے کچھ نہیں ہوتا، وہ ایسی محبتوں کی پذیرائی نہیں کرتے، ڈرتے ہی ہیں۔“ تابعہ اب عماد سے الگ ہو کر چہرہ صاف کر رہی تھی۔ اس کا دل کیا کہ وہ خود آگے بڑھ کر اس کے آنسو اپنی پوروں پر چن لے۔ (آہ! یہ حسرتیں، جن کا کوئی شمار نہیں۔) دل نے چپکے سے اک آہ بھری تھی۔” میں بھی ڈرتا تھا راجعہ کرمانی کی محبت سے، اور ایسی محبتوں سے خوف ہی آنا چاہیے معید! وہ محبتیں جو آپ کو جکڑ لیں، کہیں پرواز کا موقع نہ دیں اور شکنجے میں کس لیں، ان محبتوں سے پناہ ہی مانگنی چاہیے۔“ آج وہ شاید پہلی بار اتنا کھل کر اپنے دل کی بات بیان کر رہا تھا۔ ” تمھیں پتا ہے معید! کہ محبتیں اسرار و رموز کے پردے میں لپٹی ہوں تو تہ در تہ کھلنے میں مزہ دیتی ہیں۔ انسان اپنی ہی ذات کے بھید پانے لگتا ہے جب کہ جوشیلے اور طغیانی پر آئے دریا جیسی محبتیں سب ختم کر دیتی ہیں۔ سب کچھ یہاں تک کہ آپ کا وجود بھی۔۔۔“ برن یونٹ میں رکھا راجعہ کرمانی کا جلا ہوا وجود آج بھی اس کی نیندیں حرام کر دیتا تھا۔ اس کی موت میں یا اس کے اس طرح جل کر مر جانے میں اس کا کوئی قصور نہیں تھا لیکن تب سے آج تک وہ اسی خلش میں گرفتار رہتا آیا تھا۔” اور محبت وجود کو ختم نہیں کرتی معید! محبت ہمیں نئی امید دیتی ہے۔ ہماری بے رنگ زندگی کو نئے رنگوں سے سجا دیتی ہے اور ہمیں پھر سے زندہ کرتی ہے۔ یہاں تک کہ ہم خود کو پہچاننے لگتے ہیں۔“ تابعہ عماد کی کسی بات پر ہلکا سا مسکرائی تھی اور اسے مسکراتا دیکھ کر لہیم جاہ کے چہرے پر بڑا ہی نرم سا تاثر ابھرا تھا۔ آنکھوں کی پتلیاں محبت کی تاثیر لیے پھیل سی گئی تھیں۔ عبدالمعید اس کی آنکھوں کی جنبش تو دیکھ نہیں پا رہا تھا البتہ چہرے کے تاثرات اسے لہیم جاہ کی دلی کیفیات سے بخوبی آگاہ کر رہے تھے۔” محبت کیسی ہوتی ہے لہیم جاہ؟ “اس نے بروقت سوال کیا تھا۔” محبت! محبت کسی جنگل میں پھولوں بھرے کنج کے کنارے بہتی پرسکون ندی کی مانند ہوتی ہے۔ محبت خوش بو سے مہکی، نیلے پانی کی ٹھنڈک اور سرمئی آسمان کی وسعتوں جیسی مہربان ہوتی ہے۔“ وہ ایک جذب کے عالم میں بولا تھا۔ اس نے کی بورڈ کا کوئی بٹن دبا کر تابعہ کا چہرہ فوکس کرتے ہوئے اسے زوم کیا تھا۔” محبت تابعہ بدر جیسی ہوتی ہے معید! اور محبت کرنے والا لہیم جاہ جیسا۔۔۔“ اس نے کَہ کر، پیچھے مڑ کر اسے دیکھا تھا جو اس کے دل کی باتیں سنتا اپنی جگہ متحیر کھڑا تھا۔؎ ہوش والوں کو خبر کیا بے خودی کیا چیز ہے عشق کیجے پھر سمجھئے زندگی کیا چیز ہے(ندا فاضلی)

جاری ہے

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

Khan Mahnam

About Author

Leave a comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

You may also like

Classic Web specials All Episodes

Dhoop Chaon Ka Aalam by Saira Naz (All Episodes)

Episode 1 Episode 2 Episode 3 Episode 4 Episode 5 Episode 6 Episode 7 Episode 8 Episode 9 Episode 10
Classic Web specials All Episodes

Dil O Janam Fida E Tu by Aniqa Ana All Episodes

Episode 1 Episode 2 Episode 3 Episode 4 Episode 5 Episode 6 Episode 7 Episode 8 Episode 9 Episode 10