The last nightZainab nasar khan
________
“ہمیں ان سے لڑنا ہوگا!” بختاور بولا۔”لیکن وہ زیادہ ہیں۔” کمالہ نے سرگوشی کی۔”ہمیں انہیں ڈسٹریکٹ کرنا ہوگا اور یہاں سے نکلنا ہوگا۔” روحان سنجیدگی سے بولا۔ ان دونوں نے اس کی طرف دیکھا۔ رملہ اور جنید ایک دوسرے کو سہارا دیے ان کی باتیں سن رہے تھے۔”لیکن کیسے؟” کمالہ نے الجھن سے کہا۔ روحان اس کی بات کا جواب دئیے بغیر اردگرد دیکھنے لگا۔”کیا تمہارے پاس یہاں کے کسی ادارے کا نمبر ہے؟” روحان نے بختاور کی طرف توجہ کی۔ وہ ایک پل کو پزل سا ہوگیا۔”نہیں لیکن۔۔۔ ایک منٹ!” اس نے فوراً سے بیشتر اپنا فون نکالا۔ “ہمارا جو آفیسر انفیکٹڈ ہوا تھا اس کا نمبر آن تھا اور یہی قریب ہی کہیں گرا تھا۔” اسے روحان کی بات سمجھ آچکی تھی۔ کسی ادارے کے مخصوص نمبر کے علاوہ اس کے پاس کچھ نہ تھا۔ لیکن جب اسے روحان کی بات کا اندازہ ہوا تو فوراً حل پیش کردیا۔”ویری گڈ! کال ملاؤ۔” روحان نے کہا۔ کمالہ، جنید اور رملہ دم سادھے ان دونوں کو دیکھ رہے تھے۔ روحان کے کہنے پر اس نے فوراً نمبر ملایا۔ کئی کالز گئیں مگر ان تک آواز نہ آئی، پھر قریباً چھٹی دفعہ فون کرنے پر کمالہ کو ایک آواز سنائی دی۔”شش۔ ایسے لگ رہا ہے جیسے نزدیک ہی سے بیل کی آواز آرہی ہے۔” سبھی کو چپ کرواکے اس نے کہا۔ جبکہ شیشے کے قریب کھڑے درندے ہر طور کوشش کررہے تھے کہ کسی طریقے سے شیشے کی دیوار ہٹتی اور وہ اندر گھس کر اپنی بھوک پیاس مٹاتے۔ تھوڑی ہی دیر گزری تھی کہ کال کی آواز بہت زیادہ نزدیک ہوگئی۔ یہاں تک کہ دروازے کے قریب کھڑے سارے درندے اس آواز پر چونکے اور پاگلوں کی طرح اس آواز کے تعاقب میں بھاگنے لگے۔”چلو جلدی کرو۔ ہمیں جلد از جلد یہاں سے نکلنا ہے!” روحان نے آگے بڑھ کر کمالہ کا ہاتھ پکڑا۔”آپ لوگ بھی چلو۔” اس نے رملہ اور جنید کی طرف دیکھ کر کہا۔ دونوں نے سرہلایا۔ دروازے کے پاس آکر وہ ایک پل کو رکا اور پھر گہرا سانس بھر کے دروازے کی چٹکی ہٹادی۔ یہ کام کہنے کو بہت چھوٹا سا تھا لیکن اس کے صرف دو ہی طریقے تھے۔ یا تو وہ بچ کر نکل جاتے، یا اگر کہیں غلطی سے بھی وہ لوگ ان درندوں کے ہتھے چڑھتے تو شاید ان میں سے کوئی نہ بچتا۔ کمالہ نے محسوس کیا تھا جب دروازے کے قریب پہنچ کر وہ رکا اور گہرا سانس لیا تو اس کے ہاتھ میں موجود کمالہ کے ہاتھ پر گرفت مضبوط ہوتی گئی۔ بے اختیار اسنے روحان کو دیکھا، جس کی ساری توجہ دروازے کی طرف تھی۔ دل کے کسی کونے میں ، کسی جذبے نے سر ابھارا تھا۔
__________________